Sunday, August 02, 2026
 

پشاور: پولیس وین کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ، 2 اہلکار زخمی

 



پشاور اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب پیر زکوڑی پل کے نزدیک پولیس وین کو نشانہ بنا کر نصب کیے گئے دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کا دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں پولیس وین کا ڈرائیور اور ایک کانسٹیبل معمولی زخمی ہو گئے، جبکہ پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق دونوں زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) فرحان خان کے مطابق یہ سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی کا دھماکہ تھا اور بم گرین بیلٹ میں نصب کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بم ڈسپوزل یونٹ گرین بیلٹ میں مزید ممکنہ بارودی مواد کی موجودگی کے لیے سرچ کر رہا ہے، جبکہ دونوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں معمولی خراشیں آئی ہیں۔ پیر زکوڑی پل کے قریب پولیس موبائل پر آئی ای ڈی دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں 2 افراد معمولی زخمی ہوئے، جنہیں واقعے کے فوری بعد پولیس کی جانب سے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو 1122 پشاور کی میڈیکل اور ایمرجنسی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مزید کارروائی جاری ہے۔ سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ جی ٹی روڈ پیر زکوڑی پل کے قریب پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی خبریں نہایت تشویشناک ہیں، سکندر شیرپاؤ۔ دہشت گردی کے تسلسل سے جاری واقعات فوری توجہ اور سخت اقدامات کے طلبگار ہیں، امن و امان کی بگڑتی صورتحال معیشت اور سماجی زندگیوں کے لیے تباہی کا موجب ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے موثر پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل