Loading
ایف آئی اے اسلام آباد زون کے امیگریشن عملے نے نیو اسلام آباد انڑ نیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی نکاح نامے کے ذریعے پاکستانی فیملی ویزا حاصل کرنے والے آسٹریلوی پاسپورٹ ہولڈر افغان نژاد مسافر کو آف لوڈ کردیا۔
سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران آسٹریلوی پاسپورٹ ہولڈر افغان نژاد مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا، مسافر ایمریٹس فلائٹ نمبر EK-613 کے ذریعے آسٹریلیا جا رہا تھا۔
سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر نے دستاویزات میں غلط بیانی کر کے پاکستانی فیملی ویزا حاصل کیا تھا۔
مسافر نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے پاکستانی شہری مریم انور سے شادی کی ہے اور اس سلسلے میں نکاح نامہ بھی پیش کیا، تاہم پروفائلنگ کے دوران مسافر اپنی شادی کا کوئی ثبوت فراہم نہ کر سکا۔
میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی جعلی پایا گیا جو صرف پاکستانی ویزا حاصل کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا، ابتدائی تفتیش سے انکشاف ہوا کہ مسافر 29 مئی 2026 کو جعلی دستاویزات کے ذریعے حاصل کردہ فیملی ویزے پر پاکستان داخل ہوا تھا۔
مسافر نے آسٹریلیا میں مقیم ایک ایجنٹ کو 300 آسٹریلوی ڈالر کی ادائیگی کر کے مذکورہ پاکستانی فیملی ویزا حاصل کیا تھا، مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل