Tuesday, August 04, 2026
 

ایران وسیع جنگ نہیں چاہتا، مگر سرحدوں کے دفاع سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گا: صدر مسعود پزشکیان

 



تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران خطے میں جنگ کو مزید وسعت دینا نہیں چاہتا تاہم اگر ملک کی خودمختاری یا سرحدوں کو خطرہ لاحق ہوا تو ایران اپنے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے خاندانی طب اور ریفرل سسٹم کے قومی منصوبے کے دوسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور اندرونی استحکام کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران کی ترجیح جنگ نہیں بلکہ امن، استحکام اور قومی ترقی ہے، لیکن ملک کی سلامتی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کو مل کر ایسا مضبوط معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں دشمن نہ لالچ میں آئے، نہ اندرونی معاملات میں مداخلت کر سکے اور نہ ہی معاشرے میں تقسیم یا انتشار پیدا کرنے میں کامیاب ہو۔ ایرانی صدر کے مطابق قومی یکجہتی، مضبوط ریاستی ادارے اور عوامی اعتماد ہی وہ عوامل ہیں جو بیرونی دباؤ اور خطرات کا مؤثر مقابلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اپنی داخلی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھے گا تاکہ ملک ہر قسم کے چیلنج کا سامنا کرنے کے قابل ہو۔ صدر پزشکیان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور ایران، امریکا اور دیگر علاقائی طاقتوں کے درمیان مختلف معاملات پر سفارتی اور عسکری تناؤ عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ President @drpezeshkian: We will protect our territorial integrity, yet we have no intention of widening the conflict. We must work to forge a society that offers the enemy no temptation to interfere, no opening to infiltrate, and no means to divide or dismantle us. pic.twitter.com/WBm9Hz8R8l — IRNA News Agency ☫ (@IrnaEnglish) August 4, 2026 سیاسی مبصرین کے مطابق ایرانی صدر کے حالیہ ریمارکس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران ایک جانب مزید جنگ سے گریز کا پیغام دے رہا ہے، جبکہ دوسری جانب اپنی دفاعی پالیسی پر سخت مؤقف برقرار رکھنے کا عندیہ بھی دے رہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل