Loading
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ نے لیاری کی ترقی، عوامی سہولیات اور ملازمین کے تحفظ سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے ٹی ایم سی لیاری کے تعلیم اور صحت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے کنٹریکٹ ملازمین کی ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دی، جو 11 مارچ 2026ء سے 10 مارچ 2027ء تک مؤثر ہوگی۔
کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس فیصلے سے مجموعی طور پر 254 کنٹریکٹ ملازمین مستفید ہوں گے، جن میں محکمہ تعلیم کے 176 اور محکمہ صحت کے 78 ملازمین شامل ہیں۔ متعلقہ ملازمین کو ابتدائی طور پر 2012-13ء میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) میں تعینات کیا گیا تھا، جبکہ بلدیاتی نظام کی تنظیمِ نو کے بعد انہیں ضلعی اور ٹاؤن میونسپل انتظامیہ کے ماتحت منتقل کر دیا گیا۔
بریفنگ کے مطابق ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاری ان ملازمین کی تنخواہوں کے اخراجات اپنے بجٹ سے برداشت کرے گی، جس سے صوبائی حکومت پر کوئی اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔
سندھ کابینہ نے لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کے لیے نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کو بطور کنسلٹنٹ مقرر کرنے کی بھی منظوری دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیسپاک منصوبے کے ڈیزائن، ٹینڈر دستاویزات کی تیاری اور تعمیراتی نگرانی کی ذمہ دار ہوگی۔
نیسپاک کا تقرر پروجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جبکہ منصوبے کے حجم اور پیچیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی مشاورتی خدمات کو موزوں قرار دیا گیا ہے۔ نیسپاک پہلے ہی لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کا تفصیلی سروے اور فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کر چکی ہے۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ، لیاری ٹاؤن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پلان 2040ء کا اہم حصہ ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت لیاری کی ترقی اور جدید شہری انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ اس منصوبے سے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور شہری سہولیات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل