Tuesday, August 04, 2026
 

آبنائے ہرمز کھلنے کی امید؛ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت 80 ڈالر سے بھی نیچے آگئی

 



امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے جاری مذاکرات میں پیش رفت کی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تقریباً 3 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی معیار کے برینٹ خام تیل اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمتیں امریکا اور ایران معاہدے 13 جولائی کے بعد کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 5 فیصد کمی کے بعد اس کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آگئی۔ اسی طرح امریکی معیار ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل بھی 5 فیصد سے زائد سستا ہو کر تقریباً 76 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔ تیل کی قیمتوں میں یہ نمایاں کمی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے ان بیانات کے بعد سامنے آئی جن میں انھوں نے کہا کہ ایران اور عمان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی اور آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت جلد بحال ہونے کی امید ہے۔ مارکو روبیو نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ مذاکرات میں پیش رفت ضرور ہوئی ہے تاہم ابھی کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ بہت جلد طے پا سکتا ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کا معاہدہ منگل یا بدھ تک طے پانے کا امکان ہے۔ اگرچہ امریکی حکام مذاکرات میں پیش رفت کا دعویٰ کر رہے ہیں تاہم ممکنہ معاہدے کی تفصیلات اب تک سامنے نہیں آئیں جبکہ ایران نے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان کئی بار مذاکرات کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں جس کے باعث عالمی تیل مارکیٹ شدید اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔ کشیدگی میں اضافے سے خام تیل مہنگا ہوا جس کے اثرات دنیا بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر بھی پڑے گا۔ واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین توانائی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے فروری کے آخر میں شروع ہونے والی جنگ سے قبل دنیا بھر میں یومیہ سپلائی ہونے والے خام تیل اور مائع قدرتی گیس کا تقریباً 20 فیصد گزرتا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل