Wednesday, August 05, 2026
 

پیریز ہلٹن کی لائیو اسٹریمنگ کے دوران خود کو نقصان پہنچانے کی کوشش، پولیس نے بروقت ریسکیو کرلیا

 



امریکی شوبز دنیا کے معروف سیلیبریٹی بلاگر، پوڈکاسٹر اور میڈیا شخصیت پیریز ہلٹن کو ایک تشویشناک واقعے کے بعد فلوریڈا کے شہر میامی کے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم ان کی موجودہ صحت کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میامی ڈیڈ کاؤنٹی شیرف آفس کو سوشل میڈیا پر ایک لائیو نشریات کے حوالے سے متعدد کالز موصول ہوئیں، جن میں ایک شخص کی ذہنی صحت اور حفاظت پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار فوری طور پر متعلقہ رہائش گاہ پہنچے۔ شیرف آفس کے بیان میں اگرچہ پیریز ہلٹن کا نام نہیں لیا گیا، تاہم بعد ازاں حکام نے بتایا کہ متعلقہ شخص کو محفوظ حالت میں ریسکیو کر کے میامی ڈیڈ فائر ریسکیو کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس کے مطابق اہل خانہ سے بھی رابطہ کیا گیا اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد پیریز ہلٹن کی نمائندہ ٹیلنٹ مینجمنٹ کمپنی گولڈن آرٹسٹس انٹرٹینمنٹ نے بھی بیان جاری کیا۔ کمپنی کے شریک سربراہان ڈینٹے روسچیولی اور ربیکا کوخان نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تشویشناک اطلاعات سے آگاہ ہیں، تاہم تاحال ان کا پیریز ہلٹن سے براہِ راست رابطہ نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کی اولین ترجیح اپنے مؤکل اور ان کے اہل خانہ کی خیریت ہے، اس لیے غیر مصدقہ اطلاعات پر تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔ 48 سالہ پیریز ہلٹن، جن کا اصل نام ماریو لاواندیرا ہے، دو دہائیوں سے ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات سے متعلق خبروں اور تبصروں کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے 2000 کی دہائی کے آغاز میں اپنے بلاگ کے ذریعے غیر معمولی مقبولیت حاصل کی اور بعد میں پوڈکاسٹ اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی اپنی موجودگی مضبوط بنائی۔ سن 2010 میں پیریز ہلٹن نے عوامی طور پر اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی ویب سائٹ پر سخت اور توہین آمیز انداز اختیار کرنے کی پالیسی ختم کر رہے ہیں اور نوجوانوں میں بُلنگ کے خلاف شعور اجاگر کرنے کی مہم کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ مسئلے کا حصہ بننے کے بجائے اس کا حل بننا چاہتے ہیں۔ رواں سال پیریز ہلٹن کو صحت کے کئی مسائل کا بھی سامنا رہا۔ وہ پہلے بھی طویل عرصے تک اسپتال میں زیر علاج رہ چکے ہیں اور حالیہ مہینوں میں انہوں نے اپنی مذہبی وابستگی اور صحت یابی کے سفر کے بارے میں متعدد بار گفتگو کی تھی۔ چند ہفتے قبل انہوں نے اپنے تین بچوں کے ہمراہ لاس ویگاس سے میامی منتقل ہونے کا اعلان بھی کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اپنی زندگی میں سکون، خاندان اور اچھی صحت کو ترجیح دینا چاہتے ہیں۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداح بڑی تعداد میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں، جبکہ کئی افراد نے ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار لوگوں کے لیے بروقت مدد اور معاونت کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل