Loading
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی بھتہ کے خلاف جمعہ 7 اگست کو ملک گیر احتجاج فیصلہ کن عوامی طاقت کا مظاہرہ ثابت ہوگا، جس میں لاکھوں شہری گھروں سے نکلیں گے، اہم شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے اور اضلاع کو ملانے والی سڑکیں بند کر کے حکمرانوں کو عوام کو ریلیف دینے پر مجبور کیا جائے گا۔
مرکز جماعت اسلامی منصورہ سے جاری اعلامیے کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ احتجاجی تحریک کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، ملک بھر میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور کارکن عوام کے مختلف طبقات سے رابطوں، کارنر میٹنگز اور آگاہی مہم کے ذریعے تاریخی احتجاج کو کامیاب بنانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج کسی سیاسی مفاد کے لیے نہیں بلکہ مہنگائی، بے روزگاری اور ناقابل برداشت ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہر پاکستانی کے حقوق کی جنگ ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 6 اگست کو لاہور کی وحدت روڈ پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام پیٹرولیم لیوی کے خلاف مظاہرے سے خطاب کروں گا، جہاں خواتین بھی عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف اپنی بھرپور آواز بلند کریں گی۔
انہوں نے نوجوانوں سے خصوصی اپیل کی کہ وہ 7 اگست کو اپنی موٹر سائیکلوں پر نکلیں، انہیں شاہراہوں پر لا کر پرامن انداز میں سڑکیں بند کریں اور عوامی احتجاج کو کامیاب بنائیں اور یہ احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا اور اس دوران صرف ایمبولینسز اور ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں کو راستہ فراہم کیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت کو خبردار کیا کہ عوام کے آئینی اور جمہوری حق احتجاج میں رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کیا جائے، اگر حکمرانوں نے عوامی آواز دبانے کی کوشش کی تو اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کی جائے، آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک عوام پر مسلط ظالمانہ معاشی پالیسیاں واپس نہیں لی جاتیں، جماعت اسلامی کی پرامن عوامی تحریک جاری رہے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل