Thursday, August 06, 2026
 

فلم ’’میرا لیاری‘‘ آسکر ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہوگئی

 



سندھ حکومت کے زیرِ اہتمام تیار کی گئی فلم ’’میرا لیاری‘‘ آسکر ایوارڈز کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہوگئی، جسے پاکستان کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔ اس پیش رفت پر سندھ حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر فلم آسکر کی باضابطہ نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تو یہ ملکی فلمی تاریخ کا ایک تاریخی سنگِ میل ہوگا۔ یہ بات سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے فلم بورڈ کے اجلاس میں سامنے آئی، جہاں صوبے میں فلم انڈسٹری کے فروغ، جاری فلمی منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فلمی منصوبوں کے ساتھ ساتھ مختلف قومی اور بین الاقوامی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز سے اشتراک اور فلموں کی نمائش و تقسیم سے متعلق پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ محکمہ اطلاعات کے تحت جاری فلمی منصوبوں کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوچکا ہے، جبکہ مختلف او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ فلموں کی نمائش اور تقسیم کے حوالے سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت فلم، ثقافت اور تخلیقی صنعتوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق فلمی صنعت نہ صرف ثقافتی ورثے اور مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرتی ہے بلکہ روزگار، سرمایہ کاری اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے نئے مواقع بھی پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ سندھ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک مضبوط فلم سازی مرکز بنایا جائے، تاکہ مقامی فلم سازوں اور فنکاروں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع مل سکے۔ اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معز پیرزادہ، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن، فلم بورڈ کے اراکین وقاص رضوی، سلیم خان، احتشام انصاری، رب نواز اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں مستقبل کے فلمی منصوبوں اور تخلیقی شعبے کی ترقی کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل