Friday, August 07, 2026
 

ایک ماہ تک بغیر دھلائی استعمال ہونے والی منفرد ٹی شرٹ متعارف، کمپنی کا حیران کن دعویٰ

 



امریکی ملبوسات تیار کرنے والی کمپنی ہیرکلیون (HercLeon) نے ایک ایسی جدید ٹی شرٹ متعارف کرائی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ روزانہ پہننے کے باوجود اسے 30 دن تک دھونے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور اس دوران اس میں بدبو بھی پیدا نہیں ہوگی۔ کمپنی نے اپنی اس نئی پراڈکٹ کو وی 5.0 ہیرک شرٹ (V5.0 Herc Shirt) کا نام دیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹی شرٹ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی گئی ہے، جس کے باعث اسے مسلسل ایک ماہ تک استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ اس کی تازگی برقرار رہتی ہے۔ اگرچہ گرمیوں کے موسم میں، جب زیادہ پسینہ آتا ہے، اس قسم کا دعویٰ غیر معمولی محسوس ہوتا ہے، تاہم کمپنی کا اصرار ہے کہ اس کی منفرد ٹیکنالوجی بدبو پیدا کرنے والے عوامل کو مؤثر انداز میں قابو میں رکھتی ہے۔ ہیرکلیون کے مطابق اس ٹی شرٹ کی تیاری میں سات خصوصی اجزا استعمال کیے گئے ہیں، جن میں تانبا، چاندی، زنک، سونا، آتش فشانی راکھ اور دو ایسے اجزا شامل ہیں جن کی تفصیلات کمپنی نے خفیہ رکھی ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ تمام اجزا کپڑے کی سطح پر لگانے کے بجائے براہِ راست اس کے ریشوں میں شامل کیے گئے ہیں تاکہ ان کی کارکردگی زیادہ دیر تک برقرار رہے۔         View this post on Instagram                       کمپنی کی وضاحت کے مطابق تانبا بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کی افزائش کو روکتا ہے، جبکہ زنک پسینے سے بننے والے سلفر مرکبات کو غیر مؤثر بناتا ہے۔ اسی طرح آتش فشانی راکھ کپڑے میں موجود نمی اور بیرونی ماحول سے آنے والی ناگوار بو کو جذب کرنے میں مدد دیتی ہے۔ ہیرکلیون کا دعویٰ ہے کہ چونکہ اس ٹی شرٹ کو بار بار دھونے کی ضرورت نہیں پڑتی، اس لیے اس کی عمر بھی عام ٹی شرٹس کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ کمپنی نے اس کی قیمت 79 امریکی ڈالر مقرر کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس منفرد ٹی شرٹ کی فراہمی نومبر کے آغاز سے شروع ہوگی۔ ابتدائی مرحلے میں اسے صرف سیاہ رنگ میں پیش کیا جائے گا، جبکہ بعد میں نیوی بلیو، برگنڈی اور گہرے سبز رنگوں میں بھی فروخت کے لیے دستیاب ہوگی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل