Sunday, August 09, 2026
 

الحمرا میں ’’فرینڈز آف سیونٹینز‘‘ تھیٹر ڈرامہ پیش، پہلے ہی شو میں ہاؤس فل

 



صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی زیر نگرانی پنجاب میں شائستہ، بامقصد اور فیملی تھیٹر کی بحالی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس حوالے سے الحمرا میں "فرینڈز آف سیونٹینز" تھیٹر ڈرامہ پیش کیا گیا، پہلے ہی شو میں ڈرامہ ہاؤس فل رہا اور عوام کی بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی، جبکہ ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔ ڈرامے کی مضبوط کہانی، مؤثر پلاٹ اور معیاری مکالمے اس کی نمایاں خصوصیات قرار دی جا رہی ہیں۔ اس میں 70 کی دہائی کی سماجی زندگی، انسانی رشتوں اور گھریلو ماحول کی خوبصورت عکاسی کی گئی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں معیاری فیملی تھیٹر کا احیاء حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ کا وژن عوام کو شائستہ، معیاری اور بامقصد تفریح فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے بعد لاہوریوں کو فیملی تھیٹر دیکھنے کا موقع ملا ہے جبکہ "فرینڈز آف سیونٹینز" نئی نسل کو ماضی کے معاشرتی رنگوں سے روشناس کرانے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں فنونِ لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایسے منصوبے جاری رہیں گے اور فیملی تھیٹر کا مقصد صرف تفریح نہیں بلکہ مثبت اور بامقصد پیغام دینا بھی ہے۔ ڈرامے کا اسکرپٹ سید انجم نے تحریر کیا جبکہ ہدایات وسیم عباس نے دیں۔ کاسٹ میں ہنی البیلا، قیصر پیا، اشرف خان، مہر چوہدری، ایمان نور، عثمان راج، شیزہ بٹ اور احمد مغل نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ڈرامہ "فرینڈز آف سیونٹینز" میں عوام، صحافتی برادری اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ اہم شخصیات نے بھرپور شرکت کی جبکہ اسے 14 اگست تک الحمرا میں پیش کیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل