Loading
کراچی کے علاقے سپرہائی وے پر عثمانیہ ریسٹورنٹ کے قریب ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک اور شہری جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عثمانیہ ریسٹورنٹ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں منظور نامی شہری ران میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور لاش کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو شہری سے ڈکیتی کررہے تھے، مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں منظور گولی لگنے سے جاں بحق ہوا۔
ایس ایچ او تھانہ گڈاپ ممتاز مروت کے مطابق پولیس نے جائے وقوع سے 2 خول برآمد کرکے انہیں تحویل میں لے لیا جبکہ موقع پر موجود بزرگ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ مقتول شہری ایک شخص کو موٹر سائیکل سے اتار کر واپس لوٹ رہا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان اچانک آگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ خاتون نے بتایا کہ ایک شخص نے دوسرے شخص کو مقتول کی نشان دہی کی جس کے بعد ملزمان نے مقتول منظور کی موٹر سائیکل پر لات ماری جس سے وہ نیچے گر گیا، نیچے گرتے ہی ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ مقتول منظور کی گڈاپ میں موبائل ریپئرنگ کی دکان ہے جہاں چند روز قبل منظور کی کسی شہری سے ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی تاہم مقتول چند روز قبل ہی گڈاپ سے میمن گوٹھ دوسرے گھر میں منتقل ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل