Loading
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے حوالے سعید غنی نے جو کچھ کہا وہی پیپلز پارٹی کا موقف ہے۔
کراچی میں سندھ کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ صوبے بنانے کا طریقہ کار آئین میں موجود ہے، صوبائی اسمبلی قرارداد منظور کرے گی تو بات آگے بڑھے گی، اس کے علاوہ کوئی طریقہ کار نہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی نئے صوبے کے خلاف قرارداد منظور کر چکی ہے جبکہ پنجاب نے صوبے کے حق میں قرارداد منظور کی، نواز شریف نے اپنی پارٹی سے کہا ہے کہ کوئی اس حوالے سے بیان نہ دے جبکہ پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے جو کچھ سعید غنی نے کہا وہی ہمارا موقف ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم سیاسی طور پر ختم ہو چکی ہے، نئے صوبوں کے حوالے سے انکے نفرت انگیز بیانات لوگوں کی نبض چیک کرنے کی کوشش ہیں لہذا لوگ ان کے ٹریپ میں نہ آئیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بیمار ہیں تو ان کی صحتیابی کے لیے نیک نیتی سے دعا کرتا ہوں، ان سمیت ہر بیمار شخص کے لیے ہماری دعائیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، کسی کی بیماری پر شائستگی اور انسانیت کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے، عدالت کے حکم کے بغیر بھی ہر شخص کو بنیادی طبی سہولیات ملنی چاہئیں، میڈیکل سہولیات سب کے لیے یکساں ہونی چاہئیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کو اسپتال سے متعلق مناسب طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں، سیاسی اختلافات کے باوجود ایک دوسرے سے شائستہ انداز میں ملاقات اور گفتگو ہونی چاہیے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل