Friday, August 21, 2026
 

روبرٹو کارلوس نے اسلام قبول کرنے کی خبروں کی تردید کردی

 



برازیل اور ریال میڈرڈ کے لیجنڈری فٹبالر روبرٹو کارلوس نے اسلام قبول کرنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 53 سالہ سابق برازیلین کھلاڑی نے واضح کیا کہ وہ اسلام اور مسلم کمیونٹی کا بے حد احترام کرتے ہیں تاہم ان کے مسلمان ہونے کی خبریں درست نہیں ہیں۔ روبرٹو کارلوس نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ میڈیا رپورٹس کے بعد وہ یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے اسلام قبول نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام مذاہب اور عقائد رکھنے والے افراد کا بھی احترام کرتے ہیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کارلوس نے مراکشی فٹبال ایجنٹ سہیلہ الطاہری سے شادی کے بعد تقریباً چار ہفتے قبل ایک مذہبی شخصیت کی موجودگی میں کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا۔ تاہم کارلوس کے مطابق ان کی شادی میں دونوں خاندانوں کی مذہبی روایات کا احترام کیا گیا اور اسی وجہ سے مختلف انداز میں تقریبات منعقد ہوئیں۔ کارلوس نے بتایا کہ ان کی اہلیہ سے ملاقات بھی فٹبال سے متعلق ایک کاروباری نشست کے دوران ہوئی تھی۔ دونوں تقریباً دو سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ برازیل کے ساتھ 2002 کا ورلڈکپ جیتنے والے کارلوس ریال میڈرڈ کے ساتھ تین چیمپئنز لیگ ٹائٹلز بھی حاصل کرچکے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل