Loading
محکمہ کالج ایجوکیشن کے تحت پہلی بار تعلیمی سال 2026-2027 کے لیے اکیڈمک و ہم نصابی کیلنڈر جاری کردیا گیا ہے.
ایکسپریس نیوز کے مطابق نئے تعلیمی کلینڈر کے تحت کالجز میں سال بھر تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ امتحانات، داخلہ، ادبی و ثقافتی پروگرام، کھیلوں کے مقابلے، سیمینارز، ورکشاپس، کیریئر گائیڈنس سیشنز، آگاہی مہمات اور قومی، مذہبی و بین الاقوامی دن منائے جائیں گے۔
اکیڈمک و کو- کرکیولر کیلنڈر کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ کی ذہنی، تخلیقی، اخلاقی، سماجی اور قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
تعلیمی کیلنڈر کا مقصد طلبہ میں تنقیدی سوچ، ابلاغی صلاحیت، ٹیم ورک، حب الوطنی، شہری ذمہ داری، اخلاقی اقدار، ماحولیاتی شعور اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے نئے کیلنڈر کے مطابق ماہ اکتوبر کے وسط میں مڈ ٹرم امتحانات منعقد ہوں گے۔
جن میں وسط اکتوبر تک پڑھایا جانے والا تمام کورس شامل ہوگا۔ مڈ ٹرم امتحانات میں کالج کے تدریسی عملے اور طلبہ کی شرکت ہوگی جبکہ امتحانات کے انعقاد کی ذمہ داری کالج انتظامیہ، پرنسپل اور فیکلٹی ارکان پر ہوگی جبکہ نومبر کے آخری ہفتے میں بی ایس پروگرامز میں داخلوں کا عمل شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی پروگرامز میں داخلے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مارچ 2027 میں انٹرمیڈیٹ پریلمینری امتحانات بھی منعقد کیے جائیں گے۔اپریل 2027 میں مختلف تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ کی تعلیمی تیاری اور آئندہ مراحل سے متعلق پروگرامز جاری رہیں گے۔
کیلنڈر کے مطابق مئی میں فائنل بورڈ امتحانات کا انعقاد ہوگا، جس میں طلبہ متعلقہ بورڈ کے امتحانی شیڈول کے مطابق شرکت کریں گے، جون جولائی میں پریکٹیکلز لیے جائیں گے۔
اکیڈمک و کو-کرکیولر کیلنڈر کا مقصد تعلیمی سرگرمیوں کو ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ مربوط کرنا ہے تاکہ طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ عملی زندگی، اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ میدان کے لیے بھی تیار کیا جاسکے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل