Loading
جاپان میں باپ نے تھکن کی شکایت کرنے والے اپنے 7 سالہ بیٹے کو ماؤنٹ فوجی پر کئی گھنٹوں کے لیے اکیلا چھوڑ کر اپنے بڑے بیٹے کے ہمراہ چوٹی کی جانب سفر جاری رکھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جاپان کے بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ فوجی پر دھند اور بارش کے دوران ایک 7 سالہ بچے کو بینچ پر اکیلا بیٹھا دیکر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
یہ بچہ ماؤنٹ فوجی پر سطح سمندر سے 2 ہزار میٹر سے زیادہ بلندی پر اکیلے موجود تھا اور اس کے پاس صرف ایک سافٹ ڈرنک اور ہلکی پھلکی خوراک تھی۔
پولیس نے بتایا کہ بچے کو اس کا 48 سالہ باپ یہاں اکیلا چھوڑ کر اپنے بڑے بیٹے کے ہمراہ چوٹی کی جانب روانہ ہوگئے اور ہدایت کی کہ ہمارے واپس آنے تک یہی بیھٹے رہنا۔
بچے نے پولیس کو بتایا کہ میں تھک چکا تھا اور والد سے کہا اب مجھے سے نہیں چلا جا رہا ہے جس پر انھوں نے کہا کہ تم یہیں انتظار کرو۔
پولیس نے بچے کے والد کا سراغ لگایا جو اس وقت ساتویں اور آٹھویں اسٹیشن کے درمیان موجود تھا یعنی بچے اور والد کے درمیان یہ فاصلہ 3 گھنٹے کی پیدل مسافت کے برابر تھا۔
بچے کو جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے مقامی وقت پر تنہا پایا گیا اور تقریباً 8 گھنٹے انتظار کے بعد وہ تھکا ہوا اور بے چین تھا۔
پولیس نے والد کے واپس آنے پر ان کی سرزنش کرتے ہوئے سختی سے سمجھایا کہ بیٹے کو تنہا چھوڑنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر کہا کہ اگر ضرورت پڑے تو پورے خاندان کو پہاڑ پر چڑھنے کا ارادہ ترک کر دینا چاہیے لیکن بچے کو اکیلا نہیں چھوڑنا چاہیے۔
والد نے اپنی اس حرکت پر معذرت کرتے ہوئے اسے عجلت میں کیا گیا فیصلہ قرار دیا۔ جس پر بچے کو باپ کے حوالے کردیا گیا۔
ماؤنٹ فوجی پر خطرناک حالات
خاندان ماؤنٹ فوجی کے فوجینومیا راستے پر سفر کر رہا تھا جو پہاڑ کے پانچویں اسٹیشن سے شروع ہوتا ہے اور جہاں عوامی ٹرانسپورٹ کے ذریعے بھی پہنچا جا سکتا ہے۔
کوہ پیمائی کے رہنماؤں کے مطابق وہاں سے چوٹی تک پہنچنے میں تقریباً پانچ گھنٹے جبکہ واپسی میں مزید تین گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
ماؤنٹ فوجی کی بلندی 3,776 میٹر ہے اور اسے جاپان کا بلند ترین پہاڑ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک فعال آتش فشاں بھی سمجھا جاتا ہے۔
اسے 2013 میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل کیا گیا تھا اور ہر سال تقریباً 2 لاکھ افراد ماؤنٹ فوجی پر کوہ پیمائی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ جولائی میں 99 سالہ خاتون کو پہاڑ پر گرنے کے بعد بچایا گیا جبکہ گزشتہ سال 27 سالہ طالبعلم موبائل فون تلاش کرنے کے لیے دوبارہ پہاڑ پر گیا اور چار دن کے دوران اسے دو مرتبہ ریسکیو کرنا پڑا تھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل