Saturday, August 22, 2026
 

کبوتر کی رفتار سے پیغام پہنچانے والی میسجنگ ایپ

 



سوشل میڈیا صارفین میں ایک نیا میسجنگ ایپ تیزی سے مقبول ہو رہا ہے جو فوری پیغام رسانی کے بجائے صارفین کو کبوتر کی رفتار سے پیغام پہنچانے کا منفرد تجربہ فراہم کرتا ہے۔ رُوسٹ نامی یہ ایپ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ دونوں پر دستیاب ہے اور صارفین کو دور رہنے والے دوستوں کو پیغامات بھیجنے کی سہولت دیتی ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ پیغام فوری طور پر سامنے والے شخص تک نہیں پہنچتا بلکہ صارف اپنی پسند کے پرندے یا دوسرے جانور کی رفتار کے مطابق پیغام کی ترسیل کا انتظار کرتا ہے۔ اپریل میں لانچ ہونے کے بعد رُوسٹ نے تیزی سے عالمی صارفین کی توجہ حاصل کی۔ ایپ کے خالق لوگن مینڈلسون کے مطابق 18 اگست تک اس کے صارفین کی تعداد سات لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی۔ ایپ کی مقبولیت کو نوجوانوں میں ٹیکنالوجی سے کچھ فاصلے اور سست رفتار طرزِ زندگی کی بڑھتی ہوئی خواہش سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ اسکرولنگ اور مسلسل آن لائن رہنے سے اکتائے ہوئے بعض نوجوان اب سادہ موبائل فون استعمال کر رہے ہیں، فون سے پاک تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں اور ایسی سرگرمیوں کی طرف واپس جا رہے ہیں جن میں اسکرین کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے رُوسٹ فوری رابطے کے بجائے صبر اور انتظار پر مبنی ڈیجیٹل کمیونیکیشن پیش کرتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ رُوسٹ اکیلی ایسی ایپ نہیں۔ اپریل میں سافٹ ویئر ڈویلپر نوح ایروبینو نے کیریئر پِج نامی ایک ملتی جلتی ایپ بھی متعارف کرائی۔ دونوں ایپس کے تخلیق کاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک دوسرے کے آئیڈیا سے لاعلم رہتے ہوئے یہ منصوبے تیار کیے۔ یوں بظاہر تیز رفتار ڈیجیٹل دنیا میں کبوتر کی رفتار سے پیغام رسانی نوجوانوں کے لیے ایک نئے اور منفرد اندازِ رابطے کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل