Monday, August 24, 2026
 

پی ٹی وی کی سینیئر اداکارہ نے شادی کرلی

 



پاکستانی ڈراموں کی معروف سینئر اداکارہ حمیرا بانو ممکنہ طور پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں جس کا انھوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر مبہم انداز میں عندیہ دیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکارہ حمیرا بانو نے اس بات کا اعلان اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا اور اپنے شوہر کے ہمراہ تصاویر بھی شیئر کیں۔ تاہم ان تصاویر میں اداکارہ نے اپنے شوہر کا چہرہ نمایاں نہیں کیا البتہ اپنی نئی زندگی کے آغاز پر ایک جذباتی پیغام بھی تحریر کیا۔ اداکارہ حمیرا نے لکھا کہ کبھی انسان اپنے لیے کچھ اور منصوبہ بناتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کی منصوبہ بندی کچھ اور ہوتی ہے اور جب رب ’’کُن‘‘ فرما دے تو منزل آسان ہوجاتی ہے۔ حمیرا بانو کی شادی کی خبر سامنے آتے ہی شوبز شخصیات، دوستوں اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔ اداکارہ مایا خان، سباحت بخاری، منسا ملک، عرفان موری والا سمیت متعدد افراد نے سوشل میڈیا پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔  اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر پر ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کے لیے نئی زندگی میں خوشیوں، محبت اور کامیابی کی دعائیں کیں۔ حمیرا بانو پاکستانی ٹیلی ویژن کی تجربہ کار اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور مختلف مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ انھیں بالخصوص ماں اور خاندان کی بڑی خاتون کے کرداروں میں پسند کیا جاتا ہے۔ نمایاں ڈراموں میں امید، مہرپوش، میرا رب وارث، ملالِ یار، ڈولی ڈارلنگ، میرے اپنے، بے نام، بنو، دیوانگی اور محروم شامل ہیں۔         View this post on Instagram                       حمیرا بانو نے حالیہ ڈرامہ ملکیت میں زکیہ کا کردار ادا کیا جس میں ان کی اداکاری کو بھی ناظرین کی جانب سے سراہا گیا۔ ڈرامے کی کاسٹ میں محسن عباس حیدر، ثانیہ شمشاد، ہارون شاہد، مایا خان، فائزہ گیلانی اور دیگر اداکار شامل تھے۔ حمیرا بانو کی ٹیلی ویژن مصروفیات بھی جاری ہیں۔ ان کی حالیہ اسکرین موجودگی نے مداحوں کی توجہ حاصل کی ہے جبکہ وہ آئندہ بھی نئے ڈرامہ پروجیکٹس میں نظر آئیں گی۔ حمیرا بانو نے اپنی نجی زندگی عموماً میڈیا کی توجہ سے دور رکھی ہے اسی لیے ان کی شادی کی اچانک خبر نے مداحوں کو خاصا حیران بھی کیا اور خوش بھی۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل