Monday, August 24, 2026
 

23 سالہ لڑکی نے جہاز کو سمندر میں اتار کر ساحل پر موجود لوگوں کو بچالیا؛ ویڈیو وائرل

 



امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل کے قریب 23 سالہ خاتون پائلٹ نے انجن میں خرابی کے بعد طیارے کو آبادی اور ساحل پر موجود لوگوں سے دور سمندر میں بحفاظت اتار لیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ساحل پر بے حد رش تھا اور فیملیز پکنک منانے آئے ہوئے تھے۔ 23 سالہ فیتھ ٹینکلی اپنے خاندانی سنگل انجن طیارے میں فورٹ مائرز سے بہاماس جانے کے لیے سفر کر رہی تھیں جہاں انھیں اپنے والدین کو لینے جانا تھا۔ پرواز کے دوران پیش آنے والی خرابی کے باعث انھیں مقررہ سفر مکمل کرنے کے بجائے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ جس پر انھوں نے طیارے کو بتدریج نیچے لاتے ہوئے ساحل کے قریب عمارتوں اور لوگوں کو بچایا اور بالآخر اسے بحر اوقیانوس کے پانی میں اتار دیا۔ طیارہ پانی میں اترنے کے بعد وہ خود اس سے باہر نکلیں اور تیر کر ساحل کی جانب بحفاظت پہنچ گئیں۔ لائف گارڈز اور ہنگامی امدادی اہلکار بھی چند ہی منٹ میں موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو ٹیم میں شامل عملے نے کم عمر پائلٹ کا معائنہ کیا اور تصدیق کی کہ انھیں کوئی چوٹ نہیں آئی۔         View this post on Instagram                       عینی شاہدین نے بتایا کہ وہ اچانک طیارے کو ساحل کے قریب سمندر کی جانب اترتے دیکھ کر حیران رہ گئے تھے۔ ایک خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے بچے کو سن اسکرین لگا رہی تھیں کہ اچانک نظر اوپر گئی تو طیارہ غیر معمولی انداز میں نیچے آتا دکھائی دیا۔ مقامی حکام نے نوجوان خاتون پائلٹ کی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے طیارے کو ساحل پر موجود لوگوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کیا جس کے باعث ساحل پر موجود کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچا۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے غلطی سے یہ سمجھ لیا کہ طیارہ کسی مرد پائلٹ کے زیرِ کنٹرول تھا اور ساحل پر موجود ایک خاتون نے اسے بچایا۔ بعد میں فیتھ ٹینکلی نے خود اس غلط فہمی کی وضاحت کی۔ مقامی میڈیا کے مطابق وہ طویل اسکرٹ کے نیچے تیراکی کا لباس پہنے ہوئے تھیں۔ طیارے سے نکلنے کے بعد انہوں نے اسکرٹ اتار کر ساحل تک تیر کر جانے کا فیصلہ کیا جس کے باعث بعض عینی شاہدین نے انہیں ریسکیو کے لیے آنے والی سرفر خاتون سمجھ لیا۔ ساحل پر موجود ایک پائلٹ نے بھی ٹینکلی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں پائلٹ کے لیے اہم ترین بات یہ ہوتی ہے کہ وہ طیارے کو آخری لمحے تک قابو میں رکھتے ہوئے زمین پر اتارنے یا پانی میں لینڈ کرنے کی کوشش کرے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل