Loading
راولپنڈی کے تھانہ گنجمنڈی کی حدود میں 13 سالہ بچے سے مبینہ زیادتی کے الزام میں دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی۔
پولیس کے مطابق ڈھوک دلال میں بیکری کے کارخانے میں کام کرنے والے دو افراد پر بچے کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے ویڈیو بنانے اور کسی کو بتانے کی صورت میں قتل کی دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔
مقدمے کے مدعی جو بچے کے ماموں ہیں، نے پولیس کو بتایا کہ ان کا 13 سالہ بھانجا، جس کے والد معذور ہیں اور شیخوپورہ میں رہائش پذیر ہیں ان کے ساتھ رہتا اور کارخانے کے کام میں ہاتھ بٹاتا ہے۔
مدعی کے مطابق بچے نے روتے ہوئے بتایا کہ رات گئے دونوں ملزمان نے اسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ واقعے کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔
بچے کو مبینہ طور پر دھمکی دی گئی کہ کسی کو اطلاع دینے کی صورت میں اسے قتل کرکے نالہ لئی میں پھینک دیا جائے گا۔
پولیس نے بچے کے ماموں کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ نامزد ملزمان وقار خالد اور میاں رحمت اللہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل