Tuesday, August 25, 2026
 

پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے اپنی اگلی انٹرنیشنل فائٹ کا اعلان کردیا

 



پاکستان کے نامور پروفیشنل باکسر عثمان وزیر نے اپنی اگلی انٹرنیشنل فائٹ کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان وزیر نے بتایا کہ وہ اپنی اگلی فائٹ 26 ستمبر کو انڈونیشیا کے باکسر ایری آگسٹن کے خلاف تھائی لینڈ میں لڑیں گے۔ عثمان وزیر نے کہا کہ مجھے کور کمانڈر پشاور اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے مالی معاونت فراہم کی ہے۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری کھیلوں کے حوالے سے ہمیشہ تعاون کرتے رہے ہیں۔ باکسر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیراعلیٰ امجد حسین سے ملاقات ہوئی، انہوں نے میری مستقبل کی تمام فائٹس کے حوالے سے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ عثمان وزیر نے کہا کہ 18 فائٹس جیت چکا ہوں اور اب 19ویں انٹرنیشنل فائٹ کرنے جا رہا ہوں۔ اپنا انٹرنیشنل ریکارڈ 0-19 کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں اور دنیا کے بہترین باکسرز کو چِت کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پہلا ورلڈ یوتھ ٹائٹل میں نے جیتا ہے، ملک کے لیے پروفیشنل باکسنگ میں نام روشن کرنا چاہتا ہوں۔ باکسر کے مطابق پروفیشنل ایتھلیٹک کے کیریئر کے لیے اسپانسر شپ بہت ضروری ہوتی ہے۔ سیاسی مسائل کی وجہ سے کیریئر میں سپورٹ نہیں ملی۔ عثمان وزیر نے کہا کہ باکسنگ فیڈریشن ٹھیک کردار ادا کرے تو اولمپک میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرسکتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی جدوجہد دیکھی ہے، میں آنے والے باکسرز کو ضرور سپورٹ کروں گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل