Thursday, August 27, 2026
 

اسلام آباد: 10 کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا 12 سالہ بچہ بحفاظت بازیاب، 3 ملزمان گرفتار

 



تھانہ ترنول پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان کی بڑی واردات ناکام بنا دی۔ 10 کروڑ روپے تاوان کی خاطر ایبٹ آباد سے اغوا کیے گئے 12 سالہ عبداللہ ابراہیم کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔ پولیس کے مطابق بچے کے اغوا میں ملوث مرکزی ملزم، مغوی بچے کے چچا زاد محمد اویس سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار دیگر ملزمان میں محمد نیاز اور علی احمد شامل ہیں۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق چیکنگ کے دوران گاڑی کی پچھلی نشست پر 12 سالہ بچہ خوف زدہ حالت میں موجود تھا۔ پولیس کو شک ہونے پر مزید پوچھ گچھ کی گئی اور بچے کو اعتماد میں لیا گیا۔ بچے نے پولیس کو بتایا کہ اسے ایبٹ آباد سے اغوا کرکے لایا جا رہا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کے مطابق مرکزی ملزم محمد اویس مغوی بچے کا چچا زاد ہے اور بچے کے والد سے 10 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہا تھا۔ ترنول پولیس نے فوری طور پر بچے کو محفوظ تحویل میں لے کر مرکزی ملزم سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کے مطابق اسلام آباد پولیس کی مؤثر چیکنگ، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت رسپانس کے باعث اغوا برائے تاوان کی سنگین واردات ناکام بنا دی گئی۔ بچے کے والدین نے اپنے لخت جگر کی بحفاظت بازیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ قاضی علی رضا کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل