Loading
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ آسان ٹیکس اسکیم اور ایپ سے متعلق تاجروں اور دوکان داروں کے مطالبے پر متعارف کردہ آسان ٹیکس اسکیم کی موبائل فون ایپ فعال ہوچکی ہے، جو تاجروں اور دوکان داروں کے لیے آسانی کا باعث بنے گی اور ٹیکس نیٹ بھی وسیع ہوگا۔
کراچی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آسان ٹیکس اسکیم کے حوالے سے ملک کے مختلف حصوں میں ایف بی آر اور تاجر نمائندوں کے فوکل پرسنز متعین کرلیے گئے ہیں، سادہ اور عام فہم اردو زبان میں فارم بنایا گیا ہے جس سے دوکان دار باآسانی آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوکان دار اپنے ظاہر کردہ سالانہ فروخت شدہ مال پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرے گا، اسکیم کا حصہ بننے والے دکانداروں کے بلوں میں جو ٹیکس کاٹے جائیں گے، وہ بھی ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ رجسٹرڈ دوکان داروں کو ایف بی آر سبز رنگ کی ایک رجسٹریشن پلیٹ دے گا، جس دکان کے باہر یہ سبز پلیٹ نصب ہوگی، اس سے ایف بی آر کاعملہ پوچھ گچھ کے لیے دکان میں داخل نہیں ہوسکتا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ آسان ٹیکس اسکیم کا حصہ بننے والے دوکان داروں کا عمومی طور پر کوئی آڈٹ نہیں ہوگا، اس میں شامل دوکان داروں کو پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) مشین لگانے کی ضرورت بھی نہیں رہے گی اور نہ ہی وہ ودہولڈنگ ایجنٹ بننے کے پابند ہوں گے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایف بی آر کے اعلیٰ حکام ہر ماہ ایک ہفتے کے لیے کراچی میں موجود رہیں گے، وزیراعظم کے اس اقدام کا مقصد کاروباری برادری کے مسائل کو ہر ہفتے موقع پر حل کرنا ہے، اس عمل کا آغاز اگست میں ہوچکا ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل