Loading
بالی ووڈ کے معروف فلمساز سبھاش گھئی نے سلمان خان کے ساتھ اپنے ماضی کے ایک تلخ واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کے درمیان اختلاف اس قدر بڑھ گیا تھا کہ معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا تھا۔
81 سالہ فلم ڈائریکٹر نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ سلمان خان کے بھائی نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ سلمان کو اپنی فلم میں کاسٹ کریں۔ سبھاش گھئی نے اس تجویز پر سلمان خان کے ساتھ کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی اور بعد ازاں فلم ’یوراج‘ کی کہانی تیار کی۔
تاہم فلم کی تیاری شروع ہونے سے قبل ہی دونوں کے درمیان ایک پارٹی کے دوران شدید تلخ کلامی ہوگئی۔
سبھاش گھئی کے مطابق سلمان خان نے پارٹی میں مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ان سے کچھ نامناسب بات کہی جس پر انہوں نے سلمان کو ایسا کرنے سے منع کیا۔ بات آگے بڑھی تو سلمان نے بطور ہدایتکار ان کے بعض فیصلوں پر سوال اٹھائے۔
فلمساز نے بتایا کہ انہوں نے سلمان کو واضح کیا کہ فلم کے حوالے سے فیصلے کرنا بطور ڈائریکٹر ان کی ذمہ داری ہے۔ اس پر دونوں کے درمیان بحث شدت اختیار کر گئی اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
واقعے کے بعد سلمان خان کے والد اور معروف اسکرین رائٹر سلیم خان نے معاملے میں مداخلت کی۔ سبھاش گھئی کے مطابق سلیم خان نے اپنے بیٹے کو ڈانٹا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ جا کر فلمساز سے معافی مانگیں۔
سبھاش گھئی نے بتایا کہ اگلی صبح سلیم خان نے انہیں فون کرکے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہوں نے سلمان کو اس معاملے پر سختی سے سمجھایا ہے۔
بعد ازاں سلمان خان خود سبھاش گھئی کے گھر گئے اور نہایت شائستگی سے ان سے معافی مانگی۔ فلمساز کے مطابق سلمان کی جانب سے اپنے والد کی بات ماننے اور احترام کا مظاہرہ کرنے نے ان کے دل میں اداکار کے لیے دوبارہ مثبت جذبات پیدا کیے۔
سبھاش گھئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے سلمان خان کو معاف کردیا اور وقت کے ساتھ دونوں کے تعلقات معمول پر آگئے۔ بعد میں دونوں کی ملاقاتیں بھی ہوتی رہیں اور اسی واقعے کے باوجود انہوں نے مل کر فلم ’یوراج‘ بنائی۔
سلمان خان، انیل کپور اور کترینہ کیف جیسے معروف اداکاروں کی موجودگی کے باوجود ’یوراج‘ نومبر 2008 میں ریلیز ہونے کے بعد باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل