Saturday, August 29, 2026
 

کراچی؛ نجی اسپتال میں زچگی کے دوران نومولود غائب ہونے کا معاملہ، رپورٹ میں نیا انکشاف

 



کراچی کے علاقے ناظم آباد میں نجی اسپتال میں زچگی کے دوران نومولود بچہ غائب ہونے کا ڈراپ سین ہوگیا  ہے جہاں خاتون کا حاملہ ہونا ثابت نہ ہوسکا اور واقعے میں نجی اسپتال کے ڈاکٹروں کی بھی سنگین غفلت پائی گئی ہے۔ ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ناظم آباد نمبر 3 میں نجی اسپتال میں خاتون کے مبینہ حمل سے متعلق پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور واقعے کے بعد کرائے گئے طبی معائنے اور ایم ایل او رپورٹ میں خاتون کا حاملہ ہونا ثابت ہی نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر خاتون زوبیا راشد کو زچگی کے سلسلے میں اسپتال لایا گیا تھا جہاں آپریشن کے دوران اسپتال عملے کو معلوم ہوا کہ خاتون حاملہ نہیں تھی جس کے بعد خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے اسپتال میں توڑ پھوڑ اور احتجاج کیا گیا تھا، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ تحقیقات کے دوران سامنے آیا کہ خاتون نے سماجی اور خاندانی دباؤ کے باعث خود کو حاملہ ظاہر کیا تھا جبکہ خاتون کو آپریشن تھیٹر منتقل کرنے سے قبل اسپتال کے عملے کی جانب سے کسی قسم کا باقاعدہ طبی معائنہ نہیں کیا گیا اور صرف موبائل فون پر موجود الٹرا ساؤنڈ رپورٹ دیکھی گئی جو تحقیقات کے مطابق مشتبہ و غیر مستند پائی گئی اور اس حوالے سے عملے کی غفلت پائی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے خاتون زوبیا راشد کا طبی معائنے کرایا گیا جس کی جاری کی گئی میڈیکل رپورٹ میں خاتون کا حمل ثابت نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ خاتون کے شوہر راشد کی جانب سے اسپتال عملے کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ناظم آباد تھانے میں درخواست دی گئی تھی جس سے پولیس نے وصول کرلی تھی۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خان نے ناظم آباد کے نجی اسپتال میں زچگی کے دوران نومولود کے غائب ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا حکم اور ایس ڈی پی او گلبرگ ڈویژن منیشا روپیٹا کی سربراہی میں 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی تھی۔ ترجمان نے بتایا کہ میڈیکل کمیشن کی حتمی رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس کی روشنی میں ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے قانون کے مطابق ان کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی، پولیس نے واقعے سے متعلق دستیاب شواہد، طبی رپورٹس، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر متعلقہ ریکارڈ کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ میڈیکل رپورٹ میں خاتون کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق یہ ان کا دوسرا حمل تھا جبکہ اس کا پہلا حمل ضائع ہوگیا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل