Loading
پاکستان کے سینئر ٹیلی ویژن اداکار و پروڈیوسر سید محسن گیلانی نے جنات سے متعلق حیران کن دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’جنات کے بادشاہ‘ ہیں اور گزشتہ 12 سال سے ایک جن ان کے ساتھ موجود ہے۔
محسن گیلانی نے حال ہی میں عبدالحئی صدیقی کے ڈیجیٹل پوڈکاسٹ ’دی بلیو ٹروتھ‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی، روحانی معاملات اور وظائف سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
جنات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار نے دعویٰ کیا کہ ’’اگر جنات کی بات کریں تو میں جنات کا بادشاہ ہوں، اس وقت بھی ایک جن میرے ساتھ موجود ہے اور میں مذاق نہیں کر رہا۔ میرے خاندان میں جنات کی موجودگی کا سلسلہ آباؤ اجداد سے چلتا آرہا ہے۔ میرے ساتھ موجود جن کا نام ’مسٹر نجیب‘ ہے جو والد کے انتقال کے بعد گزشتہ 12 سال سے میرے ساتھ موجود ہے۔‘‘
اداکار نے مزید کہا کہ جنات کے بارے میں معاشرے میں پائی جانے والی بہت سی باتیں درست نہیں، جنات انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ بعض اوقات صرف اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔
گفتگو کے دوران محسن گیلانی نے سورۃ الرحمٰن اور سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کی اہمیت پر بھی بات کی اور مداحوں کو سورۃ الرحمٰن ترجمے کے ساتھ پڑھنے، سننے کا مشورہ دیتے ہوئے اسے شفا کا ذریعہ قرار دیا۔
واضح رہے کہ محسن گیلانی کے جنات سے متعلق بیانات ان کے ذاتی دعوے اور عقائد ہیں جن کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل