Saturday, September 12, 2026
 

مسلم لیگ ن کو دھچکا، نواز شریف کے دیرینہ ساتھ اور رکن قومی اسمبلی انتقال کرگئے

 



مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک انتقال کرگئے۔ اہلخانہ کے مطابق رکن قومی اسمبلی کینسر کی بیماری میں مبتلا اور لاہور کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔  قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 سے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ معروف عالم دین ثاقب رضا مصطفائی نے پڑھائی، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، خرم دستگیر، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی پی او اور دیگر حکام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مرحوم محمود بشیر ورک کی تدفین گکھڑ کے مقامی قبرستان میں کی گئی۔ محمود بشیر ورک 5 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور وفاقی وزیر بھی رہے۔ ان کا شمار سینئر لیگی ارکان اسمبلی میں ہوتا تھا اور وہ نواز شریف کے دیرینہ ساتھی تھے۔ نماز جنازہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ محمود بشیر ورک کے جانے کے بعد شہر کی سیاست میں بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے جو پُر نہیں ہوسکتا۔ ورک صاحب ان لوگوں میں سے تھے جنہوں نے پاکستان بنتے دیکھا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ محمود بشیر ورک کا ہمارے دلوں میں ایک مقام تھا، وہ 1970 سے سیاست میں تھے اور بہت صاف ستھری اور ایمانداری کے ساتھ زندگی گزاری۔ محمود بشیر ورک وکالت کے شعبے سے بھی وابستہ رہے اور وہاں بھی اپنا نام بنایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ محمود بشیر ورک کا آبائی گاؤں بھی ہمارے گاؤں کے ساتھ تھا، ورک صاحب نے جو زندگی گزاری وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے محمود بشیر ورک کے انتقال پر  تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمود بشیر ورک ایک مخلص، باصلاحیت اور فعال پارلیمنٹیرین تھے، مرحوم کی پارلیمانی، سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ  محمود بشیر ورک کی وفات سے پارلیمنٹ ایک فعال رکن سے محروم ہوگئی ہے۔ وزیراعظم کا مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار چوہدری محمود بشیر ورک ایک مخلص، باصلاحیت اور فعال پارلیمنٹیرین تھے، وزیراعظم مرحوم کی پارلیمانی، سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیراعظم — PMLN Digital Media (@PMLN_Digital_PK) September 12, 2026 مسلم لیگ ن کے صدر نواز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محمود بشیر ورک صاحب کی وفات پر دلی رنج ہوا۔ وہ مسلم لیگ ن کے ایک مخلص، باوفا اور نظریاتی ساتھی تھے، جن کی جماعت کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ محمود بشیر ورک صاحب کی وفات پر دلی رنج ہوا۔ وہ مسلم لیگ ن کے ایک مخلص، باوفا اور نظریاتی ساتھی تھے، جن کی جماعت کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ آمین — Nawaz Sharif (@NawazSharifMNS) September 12, 2026  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل