Sunday, September 13, 2026
 

کے ایم سی اسپتالوں میں پی جی ڈاکٹرز کا وظیفہ 75 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 4 ہزار 390 روپے کردیا گیا

 



بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں زیرِ تربیت پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کے وظیفے میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔ میڈیکل اینڈ ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین بشیر خاصخیلی کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سٹی کونسل اجلاس میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کے وظیفے میں اضافے کی منظوری دے دی، جبکہ ہاؤس آفیسرز کے وظیفے میں اضافے کا فیصلہ فی الحال نہیں کیا گیا۔ دستاویز کے مطابق حکومت سندھ کے محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری احکامات کی روشنی میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کا ماہانہ وظیفہ 75 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ 4 ہزار 390 روپے کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ یادداشت میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کا بھی حوالہ دیا گیا، جن کے مطابق ایف سی پی ایس اور ایم سی پی ایس کے زیرِ تربیت ڈاکٹرز کو مقررہ پالیسی کے تحت وظیفہ ادا کرنا ضروری ہے۔ دستاویز کے مطابق CPSP کی جانب سے 30 مئی 2026 کو جاری نوٹیفکیشن میں ایف سی پی ایس اور ایم سی پی ایس کے زیرِ تربیت ڈاکٹرز کو 17ویں گریڈ کے مساوی، تقریباً ایک لاکھ 4 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ ادا کرنے کی پالیسی پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی تھی۔ میڈیکل اینڈ ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین کے مطابق یہ معاملہ طویل عرصے سے زیر التوا تھا اور انہوں نے اسے مسئلے کو میئر کراچی کے سامنے پیش کیا تھا، جس کے بعد میئر کراچی نے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کے وظیفے میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ دوسری جانب ہاؤس آفیسرز کے وظیفے میں اضافے کے حوالے سے فی الحال منظوری نہیں دی گئی۔ میئر کراچی کی ہدایت کے مطابق ہاؤس آفیسرز کی مریضوں کے لیے خدمات اور کارکردگی کی رپورٹ پیش کی جائے گی، جس کے بعد ان کے وظیفے میں اضافے کے معاملے پر فیصلہ کیا جائے گا۔ یادداشت میں ہاؤس آفیسرز کے موجودہ وظیفے 45 ہزار روپے ماہانہ سے بڑھا کر 69 ہزار روپے کرنے کی تجویز شامل تھی، تاہم یہ رقم فی الحال منظور شدہ اضافے میں شامل نہیں ہے۔ میڈیکل اینڈ ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ پی جی ڈاکٹرز کے وظیفے میں اضافے کی منظوری ایک دیرینہ مسئلے کا حل ہے اور اب متعلقہ محکمہ اس فیصلے پر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ایکٹ 2022 کے مطابق جلد عملدرآمد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤس آفیسرز کے معاملے میں بھی ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد ان کے وظیفے میں اضافے کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل