Tuesday, September 22, 2026
 

ریٹائرمنٹ یا عہدہ چھوڑنے کے بعد بھی اپنے پاس رکھی گئی سرکاری گاڑیاں فوری واپس لینے کا حکم

 



حکومت سندھ نے ریٹائرمنٹ یا عہدہ چھوڑنے اور تبادلوں کے باوجود سرکای گاڑیاں اپنے پاس رکھنے والے عہدیداروں سے مذکورہ گاڑیاں فوری واپس لینے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ کی صدارت میں منعقدہ سیکریٹریز کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں تمام فیلڈ فارمیشنز کو مالیاتی قوانین کی سخت پابندی اور تمام محکموں کو سرکاری گاڑیوں کا ازسرنو جائزہ لینے اور صرف مجاز مقصد کے لیے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ اجلاس میں تبادلوں، ریٹائرمنٹ یا عہدہ چھوڑنے کے بعد بھی اپنے پاس رکھی گئی سرکاری گاڑیاں فوری واپس لینے کا حکم دیا گیا، سرکاری گاڑیوں کے غیر متعلقہ اور غیر قانونی استعمال کو فوری طور پر روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیکریٹریز کمیٹی نے سرکاری وسائل کے استعمال میں شفافیت، مالیاتی ڈسپلن اور جواب دہی کے اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کا حکم دیا اور آڈٹ اعتراضات کے فوری تصفیے، بجٹ پلاننگ اور اخراجات کی باقاعدہ منظوری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن کیسز کی بروقت اور بلا تاخیر منظوری کے لیے محکمہ قانون میں پنشن کیسز ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پنشن ڈیسک میں ڈپٹی سیکریٹری (جنرل) اور سیکشن آفیسر (ایڈمن) کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ یہ ڈیسک پنشن، گریچوئٹی اور فیملی پنشن کیسز کی تفتیش اور فوری حل کی نگرانی کرے گا، تمام سرکاری دفاتر، اداروں اور فیلڈ فارمیشنز میں فوری طور پر فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا حکم دیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں فائر فائٹنگ آلات، ہنگامی اخراج اور برقی نظام کی جامع جانچ پڑتال کی ہدایت کرتے ہوئے عمارتوں میں آگ بجھانے کے عملے کے لیے آگاہی اور ایمرجنسی مشقیں منعقد کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل