Loading
بہن کو طلاق دلوانے کے لیے بہنوئی کے اغوا کا واقعہ، قصور میں پولیس نے آپریشن کرکے 3 اغوا کاروں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق علی اسد نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بہنوئی شفقت علی کے اغوا کا منصوبہ بنایا۔
ترجمان کے مطابق طلاق کے کاغذات پر دستخط اور جہیز کا سامان واپس لینے کے لیے شفقت علی کو اغوا کیا گیا۔ 21 ستمبر کو مانانوالہ بیدیاں روڈ سے شفقت علی کے اغوا کی اطلاع 15 پر موصول ہوئی، جس کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ایس پی کینٹ کی نگرانی میں دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
پولیس نے سی سی ٹی وی، لوکیشن ٹریسنگ اور سی ڈی آر کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ ترجمان کے مطابق شناخت چھپانے کے لیے ملزمان گاڑی پر مختلف جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرتے رہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مغوی کی بازیابی کے لیے ہئیر پولیس نے قصور میں ملزمان کے ٹھکانے پر ریڈ کیا تو گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں تینوں اغوا کار گرفتار جبکہ مغوی شفقت علی کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت علی اسد، مظفر علی اور فقیر علی جٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ریکارڈ چیکنگ میں ملزمان کے ڈکیتی سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل