Loading
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خوش خبری سنائی ہے کہ صومالیہ میں یرغمال بنائے گئے جہاز پر سوار باقی تین پاکستانیوں کو بھی بحفاظت بازیاب کروالیا گیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ہائی جیک ہونے والے جہاز ایم ٹی آنر 25 کے پاکستانی عملے کے بقیہ 3 ارکان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی عملے کے باقی تین ارکان عمران علی، محمد یاسین اور سید حسین یوسف کو کامیابی سے بازیاب کرایا گیا اور یہ تینوں جبوتی میں پاکستانی سفارت خانے کی ٹیم کے ہمراہ عدیس ابابا پہنچ گئے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ تینوں پاکستانی انشا اللہ ایتھوپین ایئرلائنز کی کراچی جانے والی پہلی دستیاب پرواز سے پاکستان روانہ ہوں گے، 7 اکتوبر کو آمد متوقع ہے۔
پاکستان نے صومالیہ کی حکومت اور یورپی یونین نیول فورس کی آپریشن اٹلانٹا ٹیم کے تعاون پر شکریہ ادا کیا جو ایم ٹی آنر 25 کے قریب موجود تھی۔
حکومتِ صومالیہ اور یورپی یونین نیول فورس آپریشن اٹلانٹا نے عملے کی رہائی یقینی بنانے میں معاونت اور تعاون کیا۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بحری قزاقوں کے خلاف کارروائی اور بین الاقوامی بحری راستوں کی سلامتی و آزادی کے تحفظ کے لیے دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل