Tuesday, October 06, 2026
 

ٹانک میں این جی او کے 3 ملازمین اغوا، بنوں میں پولیس سے فائرنگ تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک

 



خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں این جی او کے تین ملازمین کو اغوا کر لیا گیا جبکہ بنوں میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ ٹانک کے علاقے گرہ میٹھو سے این جی او کے تحت بنیادی مراکز صحت میں کام کرنے والے 3 افراد کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا ہے، مغویوں کی شناخت سعید انور، صفی اللہ اور سید باشا کے نام سے ہوئی ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق بنوں میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں، یہ واقعہ فیروز فتح خیل میں تھانہ منڈان کی حدود میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جن کی شناخت شیر ایاز خان اور عدنان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثنا ڈیرہ اسماعیل خان سے چند روز قبل مبینہ طور پر اغوا ہونے والے ڈاکٹرمبشر بحفاظت گھر پہنچ گئے ہیں، اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پولیو ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر مبشر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی علاقہ گرہ محبت سے نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر اغوا کیا تھا، تاہم وہ بحفاظت گھر پہنچ گئے ہیں۔ مزید برآں ڈیرہ اسماعیل خان میں موبائل فون سروس بحال ہونا شروع ہو گئی ہے، تین روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان میں موبائل فون سروس مکمل طور پر بند کر دی گئی تھی، جو تین روز بعد بحال ہونا شروع ہو گئی اور مختلف علاقوں میں سروس مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل