Tuesday, October 06, 2026
 

کراچی، عزیز آباد بھنگوریہ گوٹھ کی فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری

 



شہر قائد کے عزیزآباد بھنگوریہ گوٹھ میں پلاسٹک کے سامان کی فیکٹری میں آگ لگ گئی ، ریسکیو 1122 ، پولیس ، رینجرز اور دیگر ریسکیو کی ٹیمیں بھی بھی موقع پر امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں ، رات گئے تک آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رہیں۔ ابتدائی طور پر کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق عزیز آباد کے علاقے بھنگوریہ گوٹھ میں فیکٹریوں میں آگ لگ گئی۔ آتش زدگی کی اطلاع پر کے ایم سی فائربریگیڈ ، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا کام شروع کیا۔ آتش زدگی کی اطلاع پر پولیس ، رینجرز ، چھیپا ، ایدھی اور دیگر ریسکیو کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئی۔ ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق آگ پلاسٹک کی فیکٹری میں لگی مجموعی طور پر 5 فائرٹینڈر اور ایک باؤزر کی مدد سے آگ پر قابو پانے کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم بھی آگ بجھانے کے کام میں حصہ لے رہی ہے ، آتش زدگی کے نتیجے میں ایک گھر بھی متاثر ہوا۔ فیکٹریوں میں موجود گتے اور پلاسٹک کے باعث آگ نے شدت اختیار کی ، ترجمان رینجرز کے مطابق  واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ رینجرز کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فائرآفیسر کی جانب سے آگ کو دوسرے درجے کی قرار دیا گیا ہے۔ رینجرز کے اہلکار فائر بریگیڈ اور ریسکیو کے عملے کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں اور ریسکیو آپریشن میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ متاثرہ عمارت کے گرد کارڈن کر کے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے رینجرز کی نفری تعینات کردی گئی ، اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنا ہے۔ ترجمان فائربریگیڈ کا کہنا ہے کہ راستہ تنگ ہونے کے سبب ریسکیو رضا کاروں کو شدید پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ جبکہ فائر ٹینڈر اور واٹر باوزر کو بھی جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئی ، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق رات گئے آخری اطلاعات تک فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیاں اور ایک باؤز موقع پر آگ بجھانے میں مصروف ہے۔ فائرآفیسر کی جانب سے آگ کے کنٹرول کیے جانے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ، آتش زدگی کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی بھی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ بھی معلوم نہیں ہو سکی۔ رات گئے تک فیکٹریوں میں لگی آگ پر قابو پانے کا عمل جاری تھا ، موقع پر واٹر ٹینکر کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل