Loading
ملتان شہر جو اپنے اندر ہزاروں سال کی تاریخ سموئے ہوئے ہے، یہ صرف ایک شہر نہیں بلکہ صدیوں پر محیط تاریخ، ثقافت، روحانیت اور محبت کی بھی پہچان ہے۔ مگر وقت کے ساتھ ساتھ، ہر ملک اور اْس کے اندر آباد شہروں کی ضرورتیں بدلتی رہتی ہیں۔ اب ہزاروں سال قدیم یہ شہر ملتان بھی آج ایسے ہی مر حلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں جدید شہری تقاضوں کے مطابق شہرکے بنیادی ڈھانچے، ٹریفک، صفائی، سڑکوں کی کشادگی، نئی سڑکوں کی تعمیر، پارکس، سیوریج اور دیگر شہری سہولیات میں بہتری ناگزیر ہے۔
حالیہ عرصے میں ملتان میں ہونے والے ترقیاتی کاموں نے شہر کے منظر نامے کو تبدیل کرنا شروع کر دیا ہے۔ ماضی کی قدیم روایات کے حامل شہر ملتان کی تاریخ کم و بیش 5 ہزار سال پرانی ہے، اب جدید شہر محسوس ہونا شروع ہو چکا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کام جن میں ملتان ایونیو، برینڈ روڈ، حسین آگاہی بازار کی تزئین و آرائش، قلعہ کہنہ قاسم باغ پر والڈ سٹی پراجیکٹ، چوکوں کی خوبصورتی اور دیگر شہری منصوبے اس بات کی نشان دہی کرتے ہیں کہ ملتان کو ایک جدید بہتر شہری مرکز بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے کمشنر ملتان عامر کریم خان کا کردار بھی قابلِ ذکر ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، ان کے فنڈز کی فراہمی ، مختلف محکموں کے درمیان موثررابطہ اورشہری مسائل کے حل کے لیے اقدامات نے یہ تاثر پیدا کیا ہے کہ کمشنر آفس اور ان کی ٹیم شہر کے مسائل کو محض فائلوں تک محدود رکھنے کے بجائے اْن پر عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس حوالے سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ملتان کی شہر کی سیوریج کی تبدیلی کے لیے 22 ارب روپے کے فنڈز، سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ گرین الیکٹرک بسوں کا تحفہ بھی ملتان کے شہریوں کو دیا ہے۔ جس میں ملتان کی انتظامیہ کا کردار بھی اہم ہے۔
ملتان کو اس وقت بڑھتی ہوئی آبادی، ٹریفک کے دباؤ، تجاوزات، صفائی ، سیوریج اور بنیادی شہری سہولیات جیسے کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس لیے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ ان مسائل کا مستقل حل بھی ضروری ہے وقتی خوبصورتی کی بجائے ایسی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جو آنے والے شہر کی ضروریات پوری کر سکے۔ یہ بات محض ایک دعویٰ نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ آج ملتان کے کئی حصوں میں تبدیلی کے آثار نظر آرہے ہیں۔ کہیں نئی سڑکیں بن رہی ہیں، کہیں پرانے انفراسٹرکچر کو بہتر کیا جا رہا ہے اور کہیں شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ تبدیلی اگر تسلسل کے ساتھ جاری رہی تو آنے والے برسوں میں ملتان کا شہری نقشہ مزید بہتر ہو سکتا ہے۔ لیکن ’’بدلتا ملتان‘‘صرف حکومت یا انتظامیہ کی ذمے داری نہیں شہریوں کو بھی صفائی کا خیال رکھنا، تجاوزات سے گریز کرنا، ٹریفک قوانین کی پابندی اور سرکاری املاک کی حفاظت کرنا ہوگی۔ انتظامیہ اور شہری مل کر ہی ایک بہتر ملتان تشکیل دے سکتے ہیں۔
ملتان کی شناخت اور اپنی ایک تاریخ مگر اس کا مستقبل اس کی ترقی سے وابستہ ہے۔ اگر منصوبہ بندی، نگرانی اور عوامی شمولیت کے ساتھ ترقیاتی سفرجاری رہا توملتان اپنی اپنی تاریخی شناخت برقرار رکھتے ہوئے ایک جدید، خوبصورت اور منظم شہر کے طور پر اپنی شناخت قائم رکھے گا۔ یہی ہے ’’بدلتا ملتان‘‘ ایک ایسا ملتان جو اپنی روایت کو قائم رکھتے ہوئے، ترقی اور خوبصورتی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل