Monday, October 19, 2026
 

لڑکے اور لڑکیاں ایک ہی ٹیم میں شامل؟ کرکٹ کا نیا ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ فارمیٹ متعارف

 



کرکٹ میں ایک نئے فارمیٹ ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘  کا آغاز ہونے جارہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں لڑکے اور لڑکیاں الگ الگ اننگز کھیلنے کے باوجود ایک ہی ٹیم کے مجموعی اسکور میں حصہ ڈالیں گے۔ یہ منفرد ٹورنامنٹ 14 سے 29 نومبر 2026 تک سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ منتظمین کے مطابق مقابلے میں 13 سے 21 سال کی عمر کے 160 نوجوان کرکٹرز شرکت کریں گے جنہیں چار براعظمی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر ٹیم میں 20 لڑکے اور 20 لڑکیاں شامل ہوں گے۔ اس فارمیٹ میں لڑکے لڑکوں کے خلاف اور لڑکیاں لڑکیوں کے مدمقابل ہوں گی تاہم جیت کا فیصلہ دونوں کے مشترکہ اسکور پر ہوگا۔ ہر میچ 80 اوورز پر مشتمل ہوگا، جس میں 40 اوورز دن کے وقت سرخ گیند اور روایتی سفید لباس میں جبکہ باقی 40 اوورز فلڈ لائٹس میں سفید گیند اور رنگین لباس کے ساتھ کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے مشاورتی بورڈ میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز، آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن اور ویسٹ انڈیز کے کلائیو لائیڈ شامل ہیں جبکہ ویرات کوہلی کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما عالمی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔ کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں ہونے والے اس ایونٹ کا فائنل 29 نومبر کو شیڈول ہے جبکہ تمام میچز سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر براہِ راست نشر کیے جانے کی توقع ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کرکٹ کا یہ نیا تجربہ شائقین میں کتنی مقبولیت حاصل کرتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل