Loading
وزارت اطلاعات نے راولپنڈی کرکٹ میچ کے دوران آرمی افسر کی ہلاکت کے دعوے کو جھوٹا قرار دے دیا۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر وزارت اطلاعات و نشریات کے فیک چیکر نے واضح کیا کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے میچ کے دوران کسی آرمی افسر کی دل کا دورہ پڑنے سے موت نہیں ہوئی۔
واقعے سے متعلق حقائق میں بتایا گیا ہے کہ متوفی دراصل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ملازم تھا جس کی موت کرنٹ لگنے سے واقع ہوئی ہے۔
ایکس پر پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شخص میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود ہی نہیں تھا اور نہ ہی ایونٹ سے اس کا کوئی تعلق تھا۔
https://x.com/FactCheckerMoIB/status/2111919196758282541?s=20
واضح رہے کہ ایک صحافی نے دعویٰ کیا تھا کہ 50 سالہ محمد فاروق میچ کے دوران بے ہوش ہوئے، انہیں ریسکیو 1122 کے ذریعے بے نظیر بھٹو اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
صحافی نے اپنے دعوے میں مزید کہا تھا کہ فاروق کا تعلق پاکستان آرمی سے تھا اور وہ اسلام آباد میں ایک سیکیورٹی ایجنسی میں تعینات تھے، تاہم وزارت کی جانب سے شیئر کردہ ایف آئی آر کے مطابق 60 سالہ فاروق کی موت گھر پر بجلی کا پلگ چیک کرتے وقت کرنٹ لگنے سے ہوئی اور ان کی لاش بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی میں تھی۔
فیکٹ چیک کے مطابق کرنٹ لگنے پر متوفی کے اہل خانہ نے ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا اور انہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔ متوفی شخص پاکستان آرمی سے وابستہ نہیں تھا بلکہ پی سی بی ملازم تھا۔ اسپتال ریکارڈ میں موت کی وجہ کرنٹ لگنا بتائی گئی ہے۔
وزارت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اس طرح کی طبی ایمرجنسی کو کرکٹ میچ سے جوڑنا گمراہ کن عمل ہے۔ پی سی بی ملازم کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا میچ سے کوئی تعلق نہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے گمراہ کن دعوے شیئر کرنے سے قبل حقائق کی تصدیق کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل