Loading
پاکستان کسٹمز حیدرآباد نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی ٹریکنگ ایپ کے ذریعے انسدادِ اسمگلنگ کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے تین الگ الگ کارروائیوں کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل لے جانے والے تین آئل ٹینکرز تحویل میں لے لیے۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق تینوں آئل ٹینکرز میں مجموعی طور پر تقریباً 20 ہزار لیٹر پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل موجود تھا جبکہ گاڑیوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی مالیت کا تخمینہ تقریباً 4 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق اوگرا کے پورٹل پر ٹینکرز کا ٹریکنگ ریکارڈ دستیاب نہ ہونے پر کارروائی کی گئی۔ جانچ پڑتال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں بلاجواز تاخیر، سیل ٹوٹنے یا ٹیمپر ہونے اور دستاویزات میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی بھی ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈیلیوری انوائسز پر درج وصول کنندگان اور پیٹرولیم مصنوعات اتارنے کے اصل مقامات میں بھی عدم مطابقت سامنے آئی۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق ڈیجیٹل نگرانی کے ذریعے مشکوک نقل و حرکت کی نشاندہی اور پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ اوگرا ٹریکنگ ایپ فیلڈ نگرانی بہتر بنانے اور پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی نقل و حرکت روکنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ تحویل میں لیے گئے آئل ٹینکرز اور پیٹرولیم مصنوعات کی تصدیق اور مزید قانونی کارروائی قانون کے مطابق جاری رہے گی جبکہ اسمگلنگ کے خاتمے، قانونی سپلائی چین کے تحفظ اور متعلقہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل