Loading
لیاقت آباد میں تیز دھار آلے کے وار کرکے خاتون کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں مقتولہ کے دوست کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق لیاقت آباد نمبر 6 میں فلیٹ سے 30 سالہ سویرا زوجہ احمد نواز کی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت مقتولہ کے بھائی محمد عبداللہ کی مدعیت میں درج کرلیا گی۔
مقدمے کے متن کے مطابق مدعی اپنی بہن کے ساتھ رہائش پذیر تھا جبکہ سویرا کا شوہر گزشتہ ایک سال سے دبئی میں ملازمت کررہا ہے، مقتولہ دو بچوں کی ماں تھی۔ مدعی نے پولیس کو بتایا کہ مبین نامی نوجوان اس کی بہن کا دوست تھا اور اس کا گھر آنا جانا تھا، سویرا مبین کے ساتھ جم بھی جاتی تھی۔
مقدمے کے مطابق 22 اکتوبر کی صبح مدعی اپنے کام پر چلا گیا اور دوپہر تقریباً 3 بجے بہن سے فون پر بات کی، شام کو والد نے اطلاع دی کہ سویرا کے بچے مبین کے ساتھ ٹیوشن کے لیے گئے تھے اور واپسی پر گھر کو تالا لگا ہوا تھا۔
مدعی کے مطابق بہن کے موبائل فون پر رابطہ کیا گیا تو فون بند تھا۔ اس نے ابتدا میں خیال کیا کہ سویرا مبین کے ساتھ باہر گئی ہوگی۔
مقدمے میں مزید بتایا گیا ہے کہ مدعی رات تقریباً ساڑھے 11 بجے گھر پہنچا اور تالا کھول کر فلیٹ میں داخل ہوا تو سویرا خون میں لت پت مردہ حالت میں پڑی تھی۔ اسی دوران مبین بھی وہاں پہنچا تاہم مدعی کے مطابق وہ صورت حال دیکھ کر فرار ہوگیا۔
مدعی نے الزام عائد کیا کہ سویرا کے پیٹ اور گردن پر گہرے زخم تھے جبکہ گھر سے مقتولہ کے دو اور بچوں کے دو موبائل فون بھی غائب تھے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مدعی نے مبین پر نامعلوم رنجش کی بنا پر تیز دھار آلے کے وار کرکے بہن کو قتل کرنے اور چار موبائل فون لے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد نامزد ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل