Friday, October 23, 2026
 

وزیراعظم نے 2027ء کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4,500 روپے فی من مقرر کردی

 



وزیراعظم نے کسان دوست اقدام اٹھاتے ہوئے 2027ء کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4,500 روپے فی من مقرر کردی۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گزشتہ سال گندم کی قیمت 3,500 روپے فی من مقرر تھی جس کے مقابلے میں نئی قیمت میں 1,000 روپے فی من اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اس فیصلے کے لیے مشاورتی عمل میں تعاون اور قابلِ قدر تجاویز پیش کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی شکریہ اور ان کے اس مشاورتی عمل میں کردار کی تعریف کی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گندم کی مجوزہ قیمت میں اضافے کا مقصد کسانوں کو بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف فراہم کرنا ہے، کسانوں کو گندم کی کاشت کے لیے مؤثر ترغیب دینا  فیصلے کے اولین مقاصد میں شامل ہے، توقع ہے کہ نئی مجوزہ قیمت سے کسانوں کو اپنی پیداواری لاگت پوری کرنے اور مناسب منافع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران کسانوں کو مہنگائی اور زرعی اخراجات میں اضافے کے باعث مالی مشکلات کا سامنا رہا، جبکہ پاکستان کو گزشتہ دو برسوں میں گندم کی درآمد بھی کرنا پڑی، گندم کی مجوزہ قیمت میں اضافہ کا کلیدی فیصلہ ملکی غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، مقامی پیداوار کی حوصلہ افزائی اور زرعی شعبے میں استحکام کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل