Loading
لاہور میں جوبلی ٹاؤن میں سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر پراڈو سوار شخص نے پٹرول پمپ کے ورکر کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ ورکر نے حفاظتی ایس او پیز کے تحت ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے ملزم کو سگریٹ نوشی سے منع کیا تھا، جس پر ملزم تشدد اور سنگین دھمکیاں دینے کے بعد فرار ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر چوہنگ پولیس فوری حرکت میں آئی اور گاڑی تلاش کرلی۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے پراڈو کرائے پر حاصل کر رکھی تھی۔ کرایہ داری کی رسید کے ذریعے ملزم کی شناخت ادریس بھٹی کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے گرفتاری کے دوران مزاحمت کی کوشش بھی کی، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ قانون کی پاسداری کرنے والے شہری پر تشدد ناقابل قبول ہے۔ طاقت، دولت یا بڑی گاڑی کے زعم میں قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ محنت کش کی عزت نفس مجروح کرے۔ پولیس ہر مظلوم کا سہارا اور قانون کی عملداری کی محافظ ہے۔ خود کو قانون سے بالاتر سمجھنے والے سن لیں کہ لاہور میں قانون کی حکمرانی چلے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل