Sunday, October 25, 2026
 

پنجاب میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس فلم سٹی کے آغاز کی تیاریاں مکمل، افتتاح 15 دسمبر کو ہوگا

 



پنجاب کے پہلے جدید ترین ٹیکنالوجی اور سہولیات سے لیس فلم سٹی کے آغاز کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، افتتاح 15 دسمبر کو ہوگا۔  سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرصدارت پنجاب فلم اتھارٹی کے پہلے اجلاس میں پنجاب میں فلمی صنعت کی بحالی، جدید فلم سازی اور لاہور کو دوبارہ فلم انڈسٹری کا مرکز بنانے کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب میں بننے والی پنجابی فلموں کو 35، اردو فلموں کو 20 فیصد ریبیٹ دیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب اور پاکستان کا پہلا رائلٹی قانون بنانے کی منظوری دے دی جسے پنجاب فلم اتھارٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے فلم اینڈ میوزک اسکول، فلم ٹریڈنگ ہاؤس، پوسٹ پروڈکشن فسیلیٹی، اسٹوڈیو کمپلیکس، جدید ترین فلم اسٹوڈیوز، پاکستان کا سب سے بڑا کنونشن سینٹر بنانے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ مالی سال 2026-27 کا فلم سٹی اتھارٹی کا 58 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کا بجٹ جائزہ کے لئے فنانسنگ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا، فلم سٹی اتھارٹی کی 53 آسامیوں پر، پہلے مرحلے میں 26 افراد بھرتی کرنے کی منظوری، بھرتیوں اور برطرفیوں کا اختیار بورڈ کے پاس ہوگا۔ اجلاس میں چھ مختلف کمیٹیوں کے قیام اور پنجاب فلم فنڈ کمیٹی تشکیل دینے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں پرانے سینما گھروں کی بحالی، سولر سسٹم کی تنصیب،  اور عوام کو تفریح کی کم قیمت سہولیات کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل