Wednesday, October 28, 2026
 

کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق، وکیل سمیت دو زخمی

 



شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور وکیل سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی کے علاقے لالہ آباد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش چھیپا رضاکاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی۔ ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کو سینے پر گولی لگی تھی۔ اسپتال میں اس کی شناخت 30 سالہ مدثر کے نام سے ہوئی۔ پولیس حکام کے درمیان واقعے کی حدود کے حوالے سے اختلاف سامنے آیا۔ قائد آباد، لانڈھی اور ابراہیم حیدری تھانے کے حکام سے رابطے پر مختلف مؤقف سامنے آئے، تاہم رات گئے تک متعلقہ حدود کے تعین کے حوالے سے ابہام برقرار تھا۔ فائرنگ کی وجہ بھی معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شبہ ظاہر کیا گیا کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب محمود آباد کے علاقے کالا پل، چنیسر گوٹھ میں وارث ہوٹل کے قریب فائرنگ سے 40 سالہ انور ولد ولی محمد زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ادھر گلستان جوہر میں بھی فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک وکیل کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، تاہم واقعے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل