Friday, October 30, 2026
 

ٹائر سازی کی صنعت میں پیداوار کی نگرانی کیلیے ایف بی آر کا نیا اقدام

 



فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹائر سازی کی صنعت میں پیداوار کی الیکٹرانک مانیٹرنگ لازمی قرار دے دی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف بی آر نے تمام رجسٹرڈ ٹائر مینوفیکچررز کو 30 نومبر 2026 تک مانیٹرنگ سسٹم فعال کرنے اور ٹائر فیکٹریوں کے تمام کیورنگ پریسز اور فنشنگ لائنز پر الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کردی۔ ایف بی آر نے کہا کہ تیار ہونے والے ہر ٹائر کی الیکٹرانک گنتی اور شناخت کی جائے گی، ٹائر کے قطر، چوڑائی، ٹریڈ ڈیزائن اور وزن کی بنیاد پر ایس کے یو کی شناخت ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق ڈرائی، مینٹیننس اور وارم اَپ سائیکلز کو اصل پیداواری عمل سے الگ شناخت کیا جائے گا جبکہ ٹائر کی پیداوار کا ڈیٹا حقیقی وقت میں ایف بی آر کے مرکزی کنٹرول سسٹم کو منتقل ہوگا۔ ایف بی آر کے مطابق مانیٹرنگ سسٹم میں کسی بھی خرابی، تعطل، چھیڑ چھاڑ یا بائی پاس کی فوری نشاندہی ہوگی جبکہ بغیر تیار کردہ ٹائر فیکٹری سے باہر منتقل نہیں کیے جا سکیں گے۔  اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹائر مینوفیکچررز کو مانیٹرنگ سسٹم کے لیے ہارڈویئر، سافٹ ویئر، کنیکٹیویٹی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ ایف بی آر کے مجاز وینڈرز ٹائر سازی کے یونٹس میں الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم نصب کریں گے۔ ایف بی آر کے مطابق متعلقہ چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو عمل درآمد کے لیے فوکل پرسنز نامزد کریں گے جبکہ ٹائر مینوفیکچررز کی منسلک فہرست حتمی نہیں ہوگی جبکہ دیگر یونٹس کو بھی مانیٹرنگ نظام میں شامل کیا جائے گا۔ ایف بی آر نے متعلقہ حکام کو عمل درآمد کی پیش رفت باقاعدگی سے رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ ٹائر مینوفیکچررز مقررہ مانیٹرنگ نظام کے تحت فیس اور دیگر اخراجات ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل