Sunday, November 01, 2026
 

کراچی: محمود آباد میں بریانی سینٹر پر فائرنگ کا مقدمہ ٹیپو سلطان تھانے میں درج

 



محمود آباد کے قریب کراچی ایڈمن ہاؤسنگ سوسائٹی میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے بریانی اینڈ پکوان سینٹر پر فائرنگ کا مقدمہ بریانی سینٹر کے مالک کی مدعیت میں ٹیپو سلطان تھانے میں درج کرلیا گیا۔ ہفتے کی شب کراچی ایڈمن ہاؤسنگ سوسائٹی میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے  بریانی اینڈ پکوان سینٹر پر فائرنگ کے بعد دھمکی آمیز پرچی پھینک کر بھتہ طلب کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ مقدمے میں بھتہ طلب کرنے، خوف و ہراس پھیلانے اور نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمے میں  لیاری گینگ وار کے بھتہ گروہ کے سرغنہ وصی لاکھو اوراس کے نامعلوم ساتھیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔  مقدمے کے متن کے مطابق مسلح ملزمان نے بریانی اینڈ پکوان کے دفتر اور فرسٹ فلور پر قائم فیملی ہال کی دیواروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں  بربانی اینڈ پکوان سینٹر کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ملزمان جائے وقوعہ پر تین فائر شدہ خول چھوڑ کر فرار ہوگئے، پولیس نے خول تحویل میں لے لیے ہیں، ملزمان کی جانب سے پھینکی گئی دھمکی آمیز پرچی پرلیاری گینگ وارکے وصی لاکھو کا نام درج تھا۔ پرچی پر درج پیغام میں رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی، رابطہ نہ کرنے کی صورت میں دستی بم حملے کی دھمکی دی گئی، واقعے کے وقت بریانی اینڈ پکوان سینٹر کے ملازمین اپنے کاموں میں مصروف تھے۔  ملازم فہیم نے فائرنگ کے واقعے سے متعلق فون پر مالک کو اطلاع دی، ریسٹورنٹ کے مالک نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی پولیس کے حوالے کردی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ سے پانچ منٹ قبل ایک مشتبہ موٹر سائیکل سوار ریکی کرتا دکھائی دیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش اور مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل