Loading
لاہور ٹریفک پولیس نے بند روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ای چالان کی 124 خلاف ورزیوں میں ملوث موٹرسائیکل مالک کو پکڑ لیا۔ پٹرولنگ افسر عدنان نے شہری کو حراست میں لیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہری کے نام پر دو موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں جن کے ذریعے 109 مرتبہ بغیر ہیلمٹ سفر کیا گیا جبکہ 15 مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی گئی۔
شہری کی ایک موٹرسائیکل پر ایک لاکھ 64 ہزار 800 روپے جبکہ دوسری پر 64 ہزار 200 روپے جرمانہ واجب الادا ہے۔ اس طرح مجموعی جرمانہ 2 لاکھ 29 ہزار روپے بنتا ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق شہر میں اے این پی آر کیمروں کے ذریعے 20 سے زائد اقسام کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ ای چالان کے نادہندگان، بشمول سرکاری محکموں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں اور متعلقہ محکموں کو کلیئرنس کے لیے مراسلے بھی ارسال کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ منظم ٹریفک کے حصول کے لیے ای چالان نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا جبکہ نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے کی اپیل کی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل