Loading
سندھ حکومت نے دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے سندھ میں مویشیوں کی بہتر نسل تیار کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرادی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لائیو اسٹاک کے شعبے میں اہم کامیابی پر مبارکباد دی جب کہ سندھ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ اور فون گرو کے اشتراک سے اہم سنگ میل عبور کرلیا، سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل سائنس میں ایمبریو ٹرانسفر کا پہلا تجربہ کامیاب رہا۔
وزیر لائیو اسٹاک محمد علی ملکانی نے وزیراعلیٰ سندھ کو کامیاب تجربے پر بریفنگ دی جب کہ سندھ میں مویشیوں کی نسل بہتر بنانے کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے مویشیوں کی بہتر نسل کم وقت میں تیار ہوگی، مویشیوں کی نسل بہتر بنانے کا 30 سالہ عمل اب صرف 5 سال میں مکمل ہوگا۔
سندھ حکومت نے 132 ریڈ سندھی اور گوزیرا نسل کے ایمبریوز کا آرڈر دے دیا، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نجی شعبے کے کسانوں کی جانب سے بھی 90 ایمبریوز کا آرڈر دیا گیا، کسانوں کا اعتماد منصوبے کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے، جدید ٹیکنالوجی سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ہوگا،سندھ کے کسانوں اور مویشی پالنے والوں کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
مقامی نسل کے مویشیوں کو جدید سائنسی طریقوں سے مزید بہتر بنایا جائے گا، ایمبریو ٹرانسفر ٹیکنالوجی سے اعلیٰ نسل کے مویشی تیار کرنے میں مدد ملے گی، سندھ حکومت نے مویشی پالنے کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عزم کیا، بہتر نسل کے مویشیوں سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا، منصوبے سے ملک میں دودھ اور گوشت کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نےکہا کہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کو فروغ دے رہے ہیں، محمد علی ملکانی نے کہا کہ سندھ کی مقامی ریڈ سندھی اور گوزیرا نسل کو مزید بہتر بنایا جائے گا،جدید ٹیکنالوجی سے مویشی پالنے والے کسانوں کی آمدنی بڑھانے میں مدد ملے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل