Loading
پاکستان اور سعودی عرب نے میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر راجع بن طامی البقمی نے ملاقات کی، وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی سفیر کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میڈیا، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، مکہ دفاعی معاہدہ مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک قیادت میں سعودی عرب نے نہ صرف معاشی بلکہ ثقافتی میدان میں بھی نمایاں ترقی کی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب کے شہر ”العلا“ میں سیاحت کا فروغ اور ”الدرعیہ“ کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو جدید انداز میں اجاگر کرنا سعودی قیادت کے وژن کی نمایاں مثالیں ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی نسلوں پر محیط ہیں، یہ تعلق محض سفارتی یا سیاسی نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور عوامی سطح پر مضبوط بنیادیں رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل