Tuesday, November 03, 2026
 

جعلی ای پروٹیکٹر اور فرضی ملازمت کی بنیاد پر عراق روانگی کی کوشش ناکام، 3 مسافر آف لوڈ

 



ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے  جعلی ای پروٹیکٹر اور فرضی ملازمت کی بنیاد پر عراق روانگی کی کوشش ناکام بنادی اور  3 مسافروں کو  آف لوڈ  کردیا۔ ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ  ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے امیگریشن کلیئرنس کے دوران غیر معمولی باریک بینی اور مؤثر جانچ پڑتال کا مظاہرہ کرتے ہوئے عراق کے ورک ویزوں پر سفر کرنے والے تین مسافروں کے مشتبہ جعلی ای پروٹیکٹر رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی نشاندہی کر دی، کارروائی کے نتیجے میں تینوں مسافروں کو بیرونِ ملک روانگی سے روک کر آف لوڈ کر دیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ ضلع گجرات کے رہائشی آکاش طارق ولد طارق جاوید، مرزا سلیمان ظفر بیگ ولد ظفر بیگ اور مرزا سفیان مظہر بیگ ولد مظہر اقبال عراق کے ورک ویزوں پر سفر کر رہے تھے،  تینوں کے پاس 23 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ  ای پروٹیکٹر رجسٹریشن موجود تھی،  جس میں انہیں بلیو روز کنسٹرکشن، بصرہ میں ورکر کنسٹرکشن ظاہر کیا گیا تھا۔ ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ  تاہم، تنخواہ، آجر کے فون نمبر اور ای میل کے خانے خالی ہونے کے باعث دستاویزات مشکوک پائی گئیں،  انہوں نے  گجرات کے رہائشی ایجنٹ *شاہد* سے چار لاکھ روپے کے عوض جعلی ای پروٹیکٹر بنوائے تھے،  ملازمت اور ویزوں کا انتظام ان کے رشتہ داروں یاسر اور یاسین کے ذریعے کیا گیا تھا۔  ابتدائی جانچ میں عراق کے راستے ممکنہ غیر قانونی طور پر یورپ جانے کے خدشات بھی سامنے آئے ہیں، جن کی مزید تصدیق کی جا رہی ہے، ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے مشتبہ جعلی دستاویزات کی بروقت نشاندہی کرتے ہوئے تینوں مسافروں کو آف لوڈ کیا اور مزید تحقیقات، ایجنٹوں کے کردار کی جانچ اور قانونی کارروائی کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کر دیا ہے۔ ترجماں نے کہا کہ  یہ کارروائی ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل