Loading
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلویز میں مالیاتی شفافیت، جوابدہی اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے ادارے کے مالیاتی گوشواروں کا پہلی بار بین الاقوامی مالیاتی رپورٹنگ معیارات (آئی ایف آر ایس) کے تحت آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کے تحت مالی سال 2025-26 کے مالیاتی گوشواروں کے آڈٹ کے لیے عالمی معیار کی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ آڈٹ فرم کا انتخاب مکمل میرٹ اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے مروجہ قوانین کے مطابق کیا جائے گا، جبکہ تمام کارروائی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ای پیڈز پورٹل کے ذریعے مکمل کی جائے گی۔
یہ اقدام اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز (ایس او ای) ایکٹ 2023ء کے تقاضوں کے مطابق پاکستان ریلویز میں مالیاتی نظم و ضبط، داخلی کنٹرول اور ادارہ جاتی شفافیت کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ آزادانہ آڈٹ رپورٹ کی روشنی میں ضروری اور سخت فیصلے کیے جائیں گے۔ پاکستان ریلویز میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ادارے کے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بدعنوانی کا خاتمہ اور مالیاتی معاملات میں مکمل جوابدہی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف خود پاکستان ریلویز کی کارکردگی اور اصلاحات کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ادارے کو مالیاتی طور پر خودمختار، شفاف اور مستحکم بنایا جائے تاکہ پاکستان ریلویز قومی معیشت میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالیاتی شفافیت اور مؤثر نگرانی کے ذریعے ادارے میں عوامی وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل