Loading
بالی ووڈ اداکار عمران خان نے ممبئی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کے دوران مبینہ طور پر موجودگی پر بمبئی ہائیکورٹ میں معافی نامہ جمع کرا دیا ہے۔ اپنے حلف نامے میں اداکار نے بھارت اور اس کے آئین کے لیے گہری محبت اور احترام کا اظہار کرتے ہوئے عدالت سے معافی طلب کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو عدالت میں جمع کرائے گئے حلف نامے میں عمران خان نے کہا کہ احتجاج میں شرکت کرنا ان کا ارادہ نہیں تھا۔ ان کے مطابق وہ صرف یہ دیکھنے کے لیے وہاں گئے تھے کہ کیا صورت حال ہے، نہ انہوں نے کوئی مطالبہ پیش کیا اور نہ ہی مظاہرے سے وابستگی ظاہر کرنا چاہی۔
اداکار کی قانونی ٹیم ایم زیڈ ایم لیگل نے چیف جسٹس مہیش چندر ترپاٹھی اور جسٹس ادویت سیٹھنا پر مشتمل بنچ کے سامنے ان کا دستخط شدہ غیر مشروط معافی نامہ اور تحریری یقین دہانی جمع کرائی۔ حلف نامے میں عمران خان نے کہا کہ وہ آئندہ کسی احتجاج میں حصہ نہیں لیں گے اور نہ براہِ راست یا بالواسطہ کسی دوسرے شخص کو ایسے مظاہرے میں شامل ہونے کی ترغیب دیں گے۔
اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ وہ ہمیشہ قانون کی پابندی کرتے آئے ہیں اور اپنے پیشہ ورانہ کام، ٹیکس کی ادائیگی اور لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے ذریعے ملک کی خدمت کی ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے اپنی زندگی کے 42 برسوں میں سے 40 سال بھارت میں گزارے ہیں اور ان کی زندگی، پیشہ اور وابستگی اسی ملک سے جڑی ہے۔
عمران خان نے ممبئی کے اگست کرانتی میدان میں اپنی موجودگی کے بارے میں بتایا کہ 10 اکتوبر کو انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف اور چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے پر ہونے والے مظاہرے میں جانے کا ان کا ارادہ نہیں تھا۔ وہ صرف وہاں کی پیش رفت دیکھنے پہنچے تھے۔ اس احتجاج میں مبینہ طور پر ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ نے بھی اظہارِ یکجہتی کیا تھا اور ممبئی پولیس نے اداکار کو کچھ دیر کے لیے حراست میں لیا تھا۔
واقعے کے بعد فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس کی جانب سے عمران خان کو 28 اکتوبر تک بھارت چھوڑنے کا ’لیو انڈیا‘ نوٹس جاری کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نوٹس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ملک بدری کی کارروائی کا انتباہ دیا گیا تھا، جبکہ ان کا او سی آئی اسٹیٹس منسوخ کرنے کے لیے الگ شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل