Loading
وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ وہ پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کے دوران وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ انسان کو غرور اور تکبر سے بچائے۔
صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ حکومت پنجاب پر کرپشن کے الزامات کے ثبوت پیش کریں گے، جس پر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی ان کی مرضی سے نہ ہونے پر صوبائی حکومت پر الزامات عائد کرنے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے جواب دیا کہ انٹرویو 3 ہفتے پہلے کا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر پہلے سے لگا ہوا ہے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ صوبوں سے متعلق توجہ ہٹانے کی کوئی بات نہیں ہے، ایک معمول کا انٹرویو تھا، ایک بندے نے سوال پوچھا اور میں نے دیانت داری سے جواب دیا، اس میں ایسی کون سی بات ہے۔
ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ اس وقت اپنے بیان پر قائم ہیں کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے، جس پر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ‘جی، بالکل ہو رہی ہے’۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اٹک میں طلبہ سے خطاب میں کہا تھا کہ چوہدری سالک حسین کو حکومت پنجاب کے کرپشن سے متعلق دعوے پر ہرجانے کا نوٹس بھجواؤں گی، چوہدری سالک وفاقی وزیر ہیں، الزام لگانے کے بجائے ثبوت پیش کریں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ورنہ عدالت میں لے کر جاؤں گی، اگر اتنی کرپٹ حکومت ہے تو اس کے ساتھ وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جو شخص سفارش پر آتا ہے وہ ملک اور عوام کا بیڑا غرق کرتا ہے۔
دوسری جانب مریم نواز نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو پنجاب میں کرپشن کے بیان پر نوٹس بھی بھجوا دیا ہے، وفاقی وزیر کے ساتھ ساتھ نجی ٹی وی کے میزبان اور چینل کے چیئرمین کو بھی نوٹس ارسال کردیا گیا ہے۔
مریم نواز کے وکیل نے قانونی نوٹس میں الزامات کو بے بنیاد، غیرمصدقہ اور ہتک آمیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری سالک حسین نے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل